Thursday, April 18, 2024

امریکا، چین کیساتھ کشیدگی بڑھانے لگا، کانگریس کا وفد تائیوان بھیج دیا

امریکا، چین کیساتھ کشیدگی بڑھانے لگا، کانگریس کا وفد تائیوان بھیج دیا
August 15, 2022 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) - امریکا چین کے ساتھ کشیدگی بڑھانے لگا، ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے بعد کانگریس کا 12رکنی وفد تائیوان بھیج دیا۔

امریکا کی طرف سے چین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی کوششیں جاری ہیں، ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے بعد ایک اور وفد غیراعلانیہ دورہ پر تائیوان بھیج دیا۔

امریکا کا 12 رکنی وفد میساچوٹس کے ڈیموکریٹک سینیٹر ایڈ مارکی کی قیادت میں تائی پئی پہنچا، امریکی حکام کے مطابق وفد آج تائیوان کے صدر ریاسی انگ وین اور وزیرخارجہ جوزف وو سے ملاقاتیں کرے گا۔ وفد تائیوانی پارلیمنٹ کی خارجہ امور اور دفاعی کمیٹی کے ساتھ بھی مذاکرات کرے گا۔

امریکی حکام کے مطابق وفد کے دورہ کا مقصد امریکا اور تائیوان کے درمیان اقتصادی تعاون کو وسعت دینے، سیمی کنڈکٹرز کے شعبہ میں سرمایہ کاری اور دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کرنا ہے۔

دوسری طرف چین نے امریکی وفد کے دورہ تائیوان پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے، واشنگٹن میں چینی سفارت خانے کے ترجمان نے کہا کہ امریکا آبنائے تائیوان میں استحکام نہیں دیکھنا چاہتا، اس نے دونوں ملکوں کے درمیان تصادم کو ہوا دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، چین امریکی اشتعال انگیزیوں کے جواب میں ٹھوس جوابی اقدامات کرے گا۔

ادھر چین کے بحری جہازوں نے آبنائے تائیوان کے ارد گرد پٹرولنگ تیز کردی ہے، جنگی طیارے بھی تائیوان کے قریبی علاقوں میں پروازیں کررہے ہیں، تائیوانی وزارت دفا ع کے مطابق 22 چینی طیاروں اور 6 بحری جہازوں نے آبنائے تائیوان کے اردگرد چکر لگائے۔