Monday, May 6, 2024

امریکا چین کے تیزی سے بڑھتے جوہری ہتھیاروں سے پریشان

امریکا چین کے تیزی سے بڑھتے جوہری ہتھیاروں سے پریشان
November 30, 2022 ویب ڈیسک

واشنگٹن (92 نیوز) - امریکا چین کے تیزی سے بڑھتے جوہری ہتھیاروں سے پریشان دکھائی دینے لگا۔

پینٹاگون کا کہنا ہے کہ چین کے جوہری ہتھیاروں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ چین کے فعال جوہری وارہیڈز کا ذخیرہ 400 سے بڑھ چکا ہے۔ اگر چین اسی رفتار سے جوہری صلاحیت کو وسعت دیتا رہا تو 2035 تک اس کے پاس 1500 جوہری ہتھیاروں کا ذخیرہ ہو گا۔

امریکی محکمہ دفاع کی رپورٹ میں کہا گیا کہ اس کے باوجود چین کے پاس امریکا اور روس کے نیوکلیئر وارہیڈز کے مقابلے میں ذخیرہ کم ہی ہوگا۔ امریکا اور روس کے پاس کئی کئی ہزار نیوکلیئر وارہیڈز کے ذخیرے ہیں۔ چین اپنے بیلسٹک میزائلوں میں بھی جدت لا رہا ہے۔ یہ میزائل اب جوہری ہتھیار لے جاسکیں گے۔ چین نے 2021 میں 135 میزائل تجربات کیے، یہ پوری دنیا کے میزائل تجربوں کی تعداد سے زیادہ ہے۔

پینٹا گون کی رپورٹ کے مطابق چین ایئرفورس کو بھی جدید بنا رہا ہے۔ چین کی فضائیہ تیزی سے مغربی ممالک کی ایئرفورسز کے مدمقابل آرہی ہے، چینی فضائیہ آلات کے استعمال سمیت، پائلٹ اور دیگر معاملات میں بہتری کی طرف گامزن ہے۔