Thursday, April 25, 2024

عامر لیاقت حسین کے پوسٹمارٹم کیلئے محکمہ صحت نے 6 رکنی بورڈ تشکیل دیدیا

عامر لیاقت حسین کے پوسٹمارٹم کیلئے محکمہ صحت نے 6 رکنی بورڈ تشکیل دیدیا
June 21, 2022 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - کراچی عدالت کے حکم پر عامر لیاقت حسین کی قبرکشائی اور پوسٹ مارٹم کرنے کیلئے محکمہ صحت نے 6 رکنی بورڈ تشکیل دے دیا۔

شہری کی درخواست پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے عامر لیاقت کی قبر کشائی کرکے پوسٹ مارٹم کرنے کا حکم دیا۔ عدالتی حکم پرعامر لیاقت کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کے لئے بورڈ تشکیل دے دیا۔

محکمہ صحت کی ہداہت پر پولیس سرجن کراچی کی سربراہی میں 6 رکنی بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ بورڈ میں سینئر ممبر و ایڈیشنل پولیس سرجن ڈاکٹر شاہد نظام، فارنزک ایکسپرٹ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر پرویز مخدوم، فارنزک ایکسپرٹ لیاری میڈیکل کالج ڈاکٹر ہری رام، سول اسپتال کے ایم ایل او ڈاکٹر گلزارعلی سولنگی اور جناح اسپتال کے ایم ایل او ڈاکٹر محمد اریب باکھائی شامل ہیں۔

بورڈ تیئس جون جمعرات کو صبح نو بجے عامرلیاقت کی قبرکشائی کرکے پوسٹ مارٹم کرئے گا جس کی رپورٹ عدالت میں جعع کروائی جائے گی۔

دوسری جانب عامرلیاقت کی سابقہ اہلیہ بشری اقبال پوسٹ مارٹم رکوانے کے لئے متحرک ہوگئی ہیں وہ آج عدالت پہنچیں اور جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کی سرٹیفائیڈ کاپی حاصل کی۔

امکان ہے کہ وہ پوسٹ مارٹم سے متعلق عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریں گی۔ اس سے پہلے عامر لیاقت کے بچوں نے بھی پوسٹ مارٹم کروانے سےانکار کردیا تھا۔