Saturday, September 21, 2024

امن خراب کرنے والوں کیلئے کوئی جگہ نہیں، آرمی چیف عاصم منیر

امن خراب کرنے والوں کیلئے کوئی جگہ نہیں، آرمی چیف عاصم منیر
December 6, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر دفاع وطن میں مصروف جوانوں اورافسروں کا حوصلہ بڑھانے کے لیے افغان سرحد پرپہنچ گئے جہاں انہوں نے مصروف دن گذارا۔

آئی ایس پی آرکے مطابق آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت بھی کی، اس موقع پر آرمی چیف کو فیلڈ کمانڈر نے مغربی سرحدی انتظام، آپریشنل تیاریوں اور سرحدی کنٹرول پر بریفنگ بھی دی۔

اس موقع پرافسروں اورجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا انسداد دہشت گردی کی جنگ میں انتھک محنت سے حاصل کردہ کامیابیوں کو زائل نہیں ہونے دیں گے، امن کو خراب کرنے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، قوم کی مکمل حمایت سے دہشتگردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیرنے مزید کہا پائیدار امن و استحکام کے حصول تک انسداد دہشت گردی کا معرکہ جاری رہے گا، مادر وطن کے دفاع کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا، سپہ سالارجنرل عاصم منیرنے کہا قبائلی عوام، سیکورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں سے ریاست کی عملداری قائم ہوئی، آرمی چیف نے خدمات کی انجام دہی کے لیے افسران، جوانوں کے بلند عزم، آپریشنل تیاریوں کو بھی سراہا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیرنے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا بھی دورہ کیا، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نےآرمی چیف کا استقبال کیا، آرمی چیف نے یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

کور ہیڈکوارٹرز میں سپہ سالارکو آپریشنل، تربیتی اور فارمیشن کے دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، آرمی چیف کو نئے ضم شدہ اضلاع میں محفوظ ماحول پیدا کرنے کی کاوشوں بارے بھی بریفنگ دی گئی۔