Saturday, April 27, 2024

امیر بحر ایڈمرل امجد نیازی کا عراق کا سرکاری دورہ، عراقی وزیر دفاع و عسکری حکام سے ملاقاتیں

امیر بحر ایڈمرل امجد نیازی کا عراق کا سرکاری دورہ، عراقی وزیر دفاع و عسکری حکام سے ملاقاتیں
February 8, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے عراق کا سرکاری دورہ کیا۔ دورے کے دوران نیول چیف نے کمانڈر عراقی بحریہ ایڈمرل احمد جاسم معارج اور وزیر دفاع جناب جمعہ عناد سعدون خطّاب سے ملاقات کی۔

نیول ہیڈکوارٹرز بصرہ آمد پر سربراہ پاک بحریہ کا استقبال کمانڈر عراقی نیوی ایڈمرل احمد جاسم معارج نے کیا اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ عراقی بحریہ کے کمانڈر سے ملاقات میں علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی اور باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور بشمول دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے خطے میں میری ٹائم سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے پاک بحریہ کی کوششوں پر روشنی ڈالی جس میں ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرولز اور کمبائنڈ میری ٹائم فورسز (CMF) میں شرکت شامل ہے۔ سربراہ پاک بحریہ نے نیول بیس اُم قصیر اور عراقی نیول اکیڈمی کا بھی دورہ کیا جہاں انھیں بریفنگ دی گئی۔

بعد ازاں وزیر دفاع جناب جمعہ عناد سعدون خطّاب سے ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ امور بشمول دو طرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے مشقوں اور تربیتی تبادلے کے پروگراموں کے ذریعے دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔ عراق کے وزیر برائے دفاع نے متنوع شعبوں میں مضبوط دوطرفہ فوجی تعاون کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے عسکری شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔

نیول چیف کے دورہ عراق سے دونوں ممالک کے درمیان بالعموم اور بحری افواج کے درمیان بالخصوص دفاعی تعلقات کو فروغ حاصل ہو گا۔