Thursday, April 25, 2024

انڈیا کی جانب سے پاکستانی حدود میں سرجیکل سٹرائیک کا علم نہیں : امریکہ

انڈیا کی جانب سے پاکستانی حدود میں سرجیکل سٹرائیک کا علم نہیں : امریکہ
October 1, 2016
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکہ نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی حدود میں سرجیکل سٹرائیک کا کوئی علم نہیں۔ پاکستان اور بھارت کشید گی کم کرنے کے لیے تحمل کا مظاہرہ کریں۔ مارک ٹونر نے حقانی نیٹ ورک سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں کے خلاف پھر کارروائی کامطالبہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان مارک ٹونر نے بریفنگ کے دوران بھارت کی جانب سے پاکستانی حدود میں سرجیکل سٹرائیک کے دعوے کی تصدیق کرنے سے گریز کیا۔ مارک ٹونر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی پرگہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کی افواج ایک دوسرے سے رابطے میں ہیں۔ امید ہے ان رابطوں سے کشیدگی میں کمی آئے گی۔ پاکستان اور بھارت سے پرامن رہنے کی اپیل کی ہے۔ دونوں ملکوں میں کسی قسم کی کشیدگی نہیں چاہتے۔ امریکہ چاہتا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے روابط نہ ٹوٹیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو بھارتی سرجیکل سٹرائیک کے دعوے کی تصدیق نہیں کرنی۔ پاک بھارت حکومتوں کو تصدیق کرنی ہے کہ اس میں ان کا کیا کردار تھا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ہمیشہ حقانی نیٹ ورک سمیت دیگر دہشت گرد گروپوں کے خلاف کارروائی پر زور دیا ہے۔ پاکستان ایٹمی ریاست ہے، تمام ایٹمی ملکوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ پاکستان کے لیے بھی امریکہ کا براہ راست یہی پیغام ہے۔