Monday, September 16, 2024

صدرمملکت کا الیکشن کی تاریخ طے کرنے کیلئے چیف الیکشن کمشر کو خط

صدرمملکت کا الیکشن کی تاریخ طے کرنے کیلئے چیف الیکشن کمشر کو خط
August 23, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - صدر مملکت نے چیف الیکشن کمشنر کو خط لکھ کر ملاقات کیلئے بلا لیا، صدر عارف علوی کہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن آئین کے آرٹیکل 48 پانچ کے تحت 90 روز میں انتخابات کرانے کا پابند ہے۔

ایوان صدر سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چیف الیکشن کمنشر سکندر سلطان راجہ کو خط لکھا ہے جس میں انھیں آج یا کل ملاقات کی دعوت دی ہے۔

خط کے متن کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لکھا کہ وہ آئین کے آرٹیکل 48 (5) کے تحت اسمبلی کے عام انتخابات کے انعقاد کیلئے تحلیل کی تاریخ کے نوے دن میں تاریخ مقرر کرنے کے پابند ہیں۔۔۔اس لیے آپ کوملاقات کی دعوت دی جاتی ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خط میں لکھا کہ انھوں نے نو اگست کو وزیر اعظم کے مشورے پر قومی اسمبلی کو تحلیل کردی ہے۔۔اس لیے الیکشن کی تاریخ طے کرنا آئینی ذمہ داری ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے خط سے پہلے الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیوں کا فیصلہ کرچکا ہے جس کے بعد عام انتخابات فروری میں کرانے کی بات کی جارہی تھی۔تاہم صدر کے خط کے بعد ایک نئی آئینی بحث چھڑنے کا امکان ہے۔ ذرائع کا بتانا ہے کہ الیکشن کمیشن صدر مملکت کے خط کا جلد جواب دیگا۔