اسلام آباد (92 نیوز) - الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے عام انتخابات 90 دن میں نہ ہونیکا اعلان کردیا، آئندہ عام انتخابات سے قبل نئی حلقہ بندیاں کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ڈیجیٹل مردم شُماری کی حتمی اشاعت کردی گئی، نئے الیکشن ایکٹ کے مطابق الیکشن کمیشن اب نئی حلقہ بندیاں کرنے کا پابند ہے۔ اس لئے اب انتخابات 90 روز کی آئینی مدت کے دوران نہیں ہوسکتے، الیکشن کمیشن نے اعلان کردیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق نئی مردم شماری کے بعد حلقہ بندیوں کیلئے 4 ماہ کا وقت مختص کیا گیا ہے، 21 اگست تک حلقہ بندی کمیٹیاں قائم کر دی جائیں گی۔
31 اگست تک حلقہ بندیوں سے متعلق انتظامی امور کو مکمل کیا جائے گا۔ 5 سے 7 ستمبر تک قومی و صوبائی اسمبلیوں کا حلقہ بندیوں کا کوٹہ مختص کیا جائے گا۔ 8 ستمبر سے 7 اکتوبر تک حلقہ بندیاں کی جائیں گی۔ 8 اکتوبر سے 8 نومبر تک حلقہ بندیوں سے متعلق تجاویز دی جائیں گی۔ الیکشن کمیشن 10 نومبر سے 9 دسمبر تک حلقہ بندیوں پر اعتراضات پر فیصلے کرے گا۔ 14 دسمبر کو حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت کردی جائے گی، جس کے بعد الیکشن شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔