Sunday, May 19, 2024

الیکشن کیس، حکومت نے مذاکرات کیلئے سپریم کورٹ سے مزید وقت مانگ لیا

الیکشن کیس، حکومت نے مذاکرات کیلئے سپریم کورٹ سے مزید وقت مانگ لیا
May 5, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کرانے کے کیس میں حکومت نے مذاکرات کے لیے سپریم کورٹ سے مزید وقت مانگ لیا۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کرانے کے کیس کی سماعت کی۔

چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا عدالت میں مسئلہ آئینی ہے، سیاسی نہیں، سیاسی معاملہ سیاسی جماعتوں پرچھوڑتے ہیں۔ مذاکرات ناکام ہوئے تو 14 مئی کے فیصلے کو لے کر بیٹھے نہیں رہیں گے۔ آئین کے مطابق فیصلے پرعمل کرانے کیلئے آئین استعمال کرسکتے ہیں، سوموٹو لینے چھوڑ دیئے، عدالت کوئی ہدایت دے گی نہ مذاکرات میں مداخلت کرے گی۔ جسٹس اطہر من اللہ نے اسمبلیاں بحال کرنے کا نکتہ اٹھایا تھا، حکومت کی دلچسپی ہی نہیں تھی، آپ چار تین کی بحث میں لگے رہے۔

فاروق ایچ نائیک بولے بجٹ کیلئے آئی ایم ایف کا قرض ملنا ضروری ہے، پنجاب اور کے پی اسمبلیاں تحلیل نہ ہوتیں تو بحران نہ آتا۔

چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے عدالت 90 روز میں انتخابات کرانے پر فیصلہ دے چکی۔ حکومتی جواب میں آئی ایم ایف معاہدے پر زور دیا گیا، حکومت اور اپوزیشن کو سنجیدہ ہونا ہوگا۔

بیرسٹر علی ظفر نے کہا تحریک انصاف نے ایک ہی دن الیکشن کرانے پر اتفاق کیا، 14 مئی تک اسمبلیاں تحلیل کرنے کی شرط رکھی۔