Thursday, April 25, 2024

الیکشن کمیشن پر اعتبار نہیں، چیف الیکشن کمشنر استعفی دیں، سابق وزیراعظم عمران خان

الیکشن کمیشن پر اعتبار نہیں، چیف الیکشن کمشنر استعفی دیں، سابق وزیراعظم عمران خان
August 1, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن پر اعتبار نہیں اور چیف الیکشن کمشنر استعفی دیں، جمعرات کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کریں گے۔

تحریک انصاف کی قومی کونسل سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات کے وہ بھی ذمہ دار ہیں جنہوں نے سازش نہیں روکی، کون سا بحران تھا جس کی وجہ سے پی ٹی آئی حکومت گرائی گئی؟ اس حکومت پر کسی کو اعتبار نہیں، آرمی چیف کو آئی ایم ایف سے پیسوں کیلئے فون کرنا پڑ رہا ہے۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کہتے ہیں کہ ڈالر ڈھائی سو پر اور شرح سود پندرہ فیصد سے اوپر ہے جبکہ مہنگائی اڑتیس فیصد ہو چکی۔ پی ٹی آئی آئندہ دو تہائی اکثریت سے الیکشن جیت کر آٓئے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ ملک کے جو آج حالات ہیں اس کے ذمہ دار وہ بھی ہیں جو سازش کو روک سکتے تھے لیکن نہیں روکا، پیسہ باہر جانے سے روکنے کے لئے ایمرجنسی لگائی جائے ۔آٓج آئی ایم ایف سے پیسوں کے حصول کے لیے آرمی چیف کو امریکا کو فون کرنا پڑ رہا ہے، اس حکومت کی کریڈیبلٹی یہ ہے کہ کوئی دوست ملک بھی مدد کرنے کو تیار نہیں، انہوں نے ہماری حکومت ہٹانے کے لیے مہنگائی کا استعمال کیا، اللہ نے چارمہینے میں قوم کے سامنے ان کی مفاد کی سیاست کھول کر رکھ دی۔

شریف خاندان کے بیرون ملک اثاثوں پرسوالات اٹھاتے ہوئے عمران خان نے پیسہ باہر جانے سے روکنے کے لئے ایمرجنسی لگانے کا مطالبہ کیا، لندن کے جس علاقے میں شریف خاندان رہ رہا ہے اس علاقے میں انگلینڈ کاوزیراعظم بھی نہیں رہ سکتا، شریف خاندان آج تک نہیں بتا سکا لندن پراپرٹی کے پیسے آخر آئے کہاں سے، یہ اب تک منی ٹریل نہیں دے سکے، پاکستان کی قیادت صرف ان لوگوں کو کرنی چاہئے جن کا سب کچھ پاکستان میں ہو، جینا مرنا پاکستان میں ہو ۔

اُنہوں نے کہا کورونا کے باوجود ہمارے دور میں سب سے زیادہ نوکریاں پیدا ہوئیں، ملکی معیشت ترقی کررہی تھی، مزید بولے  پیپلزپارٹی اندرون سندھ اور ن لیگ وسطی پنجاب کی جماعت بن کر رہ گئی ہے، دو بڑی جماعتوں کے ختم ہونے کی بڑی وجہ پارٹی میں میرٹ کا نہ ہونا ہے۔