Wednesday, April 24, 2024

الیکشن کمیشن نے روشن گھرانہ پروگرام 17 جولائی تک روک دیا

الیکشن کمیشن نے روشن گھرانہ پروگرام 17 جولائی تک روک دیا
July 7, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پنجاب حکومت کو بڑا دھچکا لگ گیا۔ الیکشن کمیشن نے روشن گھرانہ پروگرام 17 جولائی تک روک دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے روشن گھرانا پروگرام پر الیکشن کمیشن کے نوٹس کے معاملہ کی سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے وکیل نے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کرایا۔

وکیل حمزہ شہباز نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے جس پروگرام کا اعلان کیا اس کا تعلق ضمنی انتخابات والے حلقوں سے نہیں۔ ممبر سندھ نے کہا کہ جب آپ الیکشن مہم کے اندر ایسے اعلانات کرینگے تو اسکو اثر انداز ہونے کی کوشش ہی سمجھا جائے گا۔

ڈی جی لا الیکشن کمیشن نے کہا کہ پنجاب حکومت کے پروگرام کا اعلان ضمنی انتخاب پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے۔ ضمنی انتخاب میں 10 دن رہ گئے ہیں، اس لیے اس پروگرام کو روکا جائے۔

الیکشن کمیشن نے دلائل سننے کے بعد پنجاب حکومت کا روشن گھرانہ پروگرام 17 جولائی تک معطل کر دیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے تحت ایکشن ہو گا۔ ضمنی انتخاب تک ترقیاتی پروگرام کا اعلان نہیں ہونا چاہیے۔