Friday, April 26, 2024

الیکشن کمیشن نے حمزہ شہباز کو ووٹ دینے پر پی ٹی آئی کے25 ارکان کو ڈی سیٹ کر دیا

الیکشن کمیشن نے حمزہ شہباز کو ووٹ دینے پر پی ٹی آئی کے25 ارکان کو ڈی سیٹ کر دیا
May 20, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی میں حمزہ شہباز کو وزیراعلیٰ کا ووٹ دینے والے تحریک انصاف کے 25 منحرف ارکان کو ڈی سیٹ کر دیا۔

پی ٹی آئی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن کے متفقہ فیصلے میں کہا گیا ن لیگی امیدوار حمزہ شہباز کو ووٹ دے کر ارکان منحرف ہوئے، ارکان آرٹیکل 63 اے کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے

تئیس صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ منحرف ارکان کی پنجاب اسمبلی کی رکنیت ختم کی جاتی ہے اور منحرف ارکان کی نشستیں خالی قرار دی جاتی ہیں۔

فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی ارکان نے وزیراعلیٰ کے انتخاب میں مخالف امیدوار کو ووٹ دیا جو کہ ایک سنگین معاملہ ہے، مخالف امیدوار کو ووٹ دینا پارٹی پالیسی سے دھوکہ دہی کی بدترین شکل ہے۔

قرار دیا کہ اتفاق رائے سے منحرف ارکان کو ڈی سیٹ قرار دیا گیا ہے اور الیکشن کمیشن منحرف ارکان کے خلاف ڈکلیئریشن منظور کرتا ہے۔

الیکشن کمیشن اس نتیجہ پر پہنچا کہ انحراف کے معاملہ کا انحصار شرائط پر پورا اترنے کے معاملے پر نہیں ہو گا۔