Thursday, March 28, 2024

الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ق کے انٹرا پارٹی انتخابات روک دیئے

الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ق کے انٹرا پارٹی انتخابات روک دیئے
August 5, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ق کے انٹرا پارٹی انتخابات روک دیئے، چودھری شجاعت حسین کو صدر اور طارق بشیر چیمہ کو سیکرٹری جنرل برقرار رکھنے کا حکم بھی جاری کردیا گیا۔

مسلم لیگ ق کے انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف چودھری شجاعت کی درخواست پر سماعت چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کے زیرصدارت چار رکنی بینچ نے کی، چودھری شجاعت حسین کی جانب سے بیرسٹرعمراسلم پیش ہوئے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ چودھری شجاعت کی جانب سے بھیجے گئے خط کو اس سماعت کے ساتھ منسلک کرکے سنیں گے۔

بیرسٹرعمراسلم نے دلائل دیتے ہوئے بتایا چودھری شجاعت اور طارق بشیر چیمہ اب بھی پارٹی عہدیدار ہیں، سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے پاس پارٹی صدر کو ہٹانے کا اختیار نہیں۔

الیکشن کمیشن کے رکن جسٹس ریٹائرڈ اکرام اللہ خان نے کہا کہ مطلب پارٹی آئین میں صدر کو ہٹانے کی کائی شق نہیں۔

بیرسٹر عمر اسلم نے کہاکہ صرف انٹرا پارٹی الیکشن میں ہی صدر کو تبدیل کیا جاسکتا ہے، اجلاس میں شرکت کرنے والے ارکان کو شوکاز نوٹس بھیج چکے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے ق لیگ کے انٹرا پارٹی الیکشن روکنے، چودھری شجاعت اور طارق بشیرچیمہ کوعہدوں پر برقرار رکھتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 16 اگست تک ملتوی کر دی۔

بعد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما ق لیگ چودھری سالک حسین نے کہا کہ پارٹی کے خلاف ووٹ دینے والوں کے خلاف ڈسپلن ایکشن لیا جائے گا۔

چودھری سالک حسین نے کہا کہ بیہودہ الزامات لگا کر صدر ق لیگ کو ہٹانے کی کوشش کی گئی، ہماری کسی سے کوئی لڑائی نہیں ہوئی۔

ممبر سندھ نثار درانی نے کہا حیرت ہے جمہوری پارٹی میں عہدیدار کو ہٹانے کا کوئی طریقہ ہی موجود نہیں۔