Thursday, April 25, 2024

الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ، رہنما پی ٹی آئی فیصل واوڈا تاحیات نااہل قرار

الیکشن کمیشن کا بڑا فیصلہ، رہنما پی ٹی آئی فیصل واوڈا تاحیات نااہل قرار
February 9, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کو تاحیات نااہل کر دیا۔ بطور سینیٹر انتخاب کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا گیا۔

الیکشن کمیشن نے دوہری شہری کیس میں تحریک انصاف کے فیصل واوڈا کو تاحیات  نااہل قرار دیدیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے محفوظ کیا گیا فیصلہ مختصر سنا دیا۔

مختصر فیصلے میں الیکشن کمیشن نے دو ماہ میں فیصل واوڈا کو قومی اسمبلی کی تنخواہیں اور مراعات واپس کرنے کا حکم بھی دیدیا۔ الیکشن کمیشن  نے دس مارچ کو فیصل واوڈا کے  بطور سینیٹر انتخاب کا جاری نوٹی فکیشن بھی واپس لے لیا۔

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ فیصل واوڈا نے ریٹرنگ آفیسر کو  جھوٹا بیان حلفی جمع کرایا۔ الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کے بطور رکن قومی اسمبلی سینیٹ الیکشن میں دیئے گئے ووٹ کو بھی غلط قرار دیدیا۔

الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کو 62 ون ایف کے تحت غلط بیانی کرنے پر نااہل کیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق فیصلہ واوڈا فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ فیصل واوڈا کیس 22 ماہ تک الیکشن کمیشن میں زیر سماعت رہا۔