Sunday, September 8, 2024

الیکشن کمیشن نے فنڈنگ سے متعلق قائم اسکروٹنی کمیٹی سے 10 روز میں رپورٹ طلب کر لی

الیکشن کمیشن نے فنڈنگ سے متعلق قائم اسکروٹنی کمیٹی سے 10 روز میں رپورٹ طلب کر لی
January 18, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن نے پیپلزپارٹی اور نون لیگ کی فنڈنگ سے متعلق قائم اسکروٹنی کمیٹی سے 10 روز میں رپورٹ طلب کر لی۔

الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی ممنوعہ فنڈنگ کیس میں سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ خفیہ رکھنے کی استدعا مسترد کر دی۔ فرخ حبییب کی درخواست پر پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن سے متعلق سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ طلب کرلی ۔ کمیٹی چیئرمین نے کمیشن کو بتایا کہ ایک ممبر کی ریٹائرمنٹ کی وجہ سے سکروٹنی کمیٹی غیرفعال ہو چکی ہے۔

دوران سماعت چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیئے کہ کچھ بھی خفیہ ہے نہ ہوگا۔ جن دستاویزات کی بنیاد پر رپورٹ بنی ہے وہ بھی پبلک ہیں۔ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی وکیل کی مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ پر یکم فروری تک جواب مانگ لیا۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بھارت اور اسرائیل سے پی ٹی آئی کی فنڈنگ کہیں بھی ثابت نہیں ہوئی، الزام لگانے والوں کو معافی مانگنی چاہیئے۔

اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ تمام خفیہ ریکارڈ جب سامنے آئے گا تو مزید انکشافات ہونگے۔

 درخواست گزار نے کہا کہ رپورٹ میں ہمارے الزامات ثابت ہو چکے ہیں۔ غیر قانونی فنڈنگ کتںی اسکیل پر ہوئی یہ ثابت ہونا باقی ہے۔ عمران خان کے لئے پیغام ہے یہ میری ذاتی جنگ نہیں ، پاکستان کی جنگ ہے۔