Saturday, May 18, 2024

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کا بروقت انعقاد ڈیجیٹل مردم شماری کے حتمی نتائج سے مشروط کردیا

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کا بروقت انعقاد ڈیجیٹل مردم شماری کے حتمی نتائج سے مشروط کردیا
December 16, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے عام انتخابات کا بروقت انعقاد ڈیجیٹل مردم شماری کے حتمی نتائج سے مشروط کردیا۔

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے انعقاد کیلئے حکومت سے باضابطہ رابطہ کرلیا، جس کیلئے باقاعدہ خط لکھا گیا ہے۔ اسپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن کی طرف سے سیکرٹری وزارت منصوبہ بندی کو لکھے خط میں کہا گیا ہے کہ اگر مردم شماری کے حتمی نتائج 31 مارچ تک مہیا نہ کئے گئے تو عام انتخابات وقت پر کرانا مشکل ہوں گے۔

خط میں بتایا گیا کہ ابتدائی منصوبے کے تحت پاکستان ادارہ شماریات نے 31 دسمبر تک مردم شماری کے عبوری نتائج الیکشن کمیشن کو فراہم کرنا تھے لیکن این آر ٹی سی کے پیچھے ہٹنے سے 4 ماہ کی تاخیر ہوگئی، اب نادرا 30 اپریل تک مردم شماری کے عبوری نتائج الیکشن کمیشن کو دے سکے گا۔

خط میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے بار بار معاملہ متعلقہ حکام کے ساتھ اٹھایا تاکہ الیکشن کمیشن بروقت ایکشن پلان، حلقہ بندیاں اور انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کر سکے لیکن موجودہ صورتحال میں الیکشن کمیشن کیلئے نئی حلقہ بندی اور الیکشن سرگرمی مکمل کرانا مشکل ہو جائے گا۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خط کی کاپی وزیر اعظم کو بھی بھجوا دی۔