اسلام آباد (92 نیوز) - آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ الیکشن کمیشن میں نااہلی ریفرنس پر رائے نہیں دے سکتے۔
سپریم کورٹ میں آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سماعت ہوئی۔ مسلم لیگ (ق) کے وکیل اظہر صدیق نے دلائل دیے کہ آرٹیکل 63 اے کا مقصد ارکان کو انحراف سے روکنا ہے۔ 16 اپریل کو پی ٹی آئی کے ارکان نے پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی اور حمزہ شہباز کو ووٹ دیا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ منحرف ارکان کے خلاف الیکشن کمیشن میں نااہلی ریفرنس زیر التواء ہے جس پر اپنی رائے نہیں دے سکتے۔ جسٹس مظہر عالم میاں خیل نے کہا کہ اس معاملے کا جائزہ الیکشن کمیشن نے لینا ہے۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف اپیل سپریم کورٹ ہی آئے گی۔
جسٹس جمال خان مندوخیل نے کہا کہ آپ کی پارٹی کے کچھ لوگ ادھر کچھ اُدھر ہیں۔ ق لیگ کے سربراہ خاموش ہیں، ایک بلوچستان کی پارٹی ہے انکے لوگوں کا پتہ نہیں وہ کدھر ہیں۔ آدھی پارٹی ادھر ہے آدھی پارٹی اُدھر ہے، جس کی چوری ہوتی ہے اسکو معلوم ہوتا ہے، ان پارٹیوں کے سربراہ ابھی تک مکمل خاموش ہیں۔