Saturday, September 21, 2024

الیکشن کمیشن کیلئے ورکر سے لے کر پارٹی سربراہ تک سب برابر ہیں، سکندر سلطان راجہ

الیکشن کمیشن کیلئے ورکر سے لے کر پارٹی سربراہ تک سب برابر ہیں، سکندر سلطان راجہ
December 7, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا ہے الیکشن کمیشن کیلئے ورکر سے لے کر پارٹی سربراہ تک سب برابر ہیں۔

سلطان راجہ نے قومی ووٹرز ڈے کی مرکزی تقریب سے خطاب میں واضح کر دیا کہ چھ سے آٹھ مہینے میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے الیکشن نہیں کرایا جا سکتا۔ ڈیجیٹل حلقہ بندیوں پر تاحال کام  شروع نہیں ہوا۔ ڈیجیٹل مردم شُماری کے نتائج وقت پر آ گئے تو نئی حلقہ بندیاں کرکے بروقت انتخابات کے لئے تیار ہوں گے۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کے لئے 2 بار حلقہ بندیاں کیں جبکہ صوبائی حکومت نے 2 بار  الیکشن قوانین تبدیل کئے۔ اب الیکشن قوانین تبدیل کئے تو الیکشن کمیشن اپنا اختیار استعمال کرتے ہوئے الیکشن کرا دے گا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے لئے ورکر سے لے کر پارٹی سربراہ سب برابر ہیں۔ کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر پارٹی سربراہ سمیت کارکنوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ضمنی انتخابات میں اپوزیشن کی کامیابی الیکشن کمیشن کی شفافیت کا ثبوت ہے۔