Thursday, April 25, 2024

لاہور ہائیکورٹ نے فواد چودھری کی بازیابی کیلئے دائر درخواست خارج کر دی

لاہور ہائیکورٹ نے فواد چودھری کی بازیابی کیلئے دائر درخواست خارج کر دی
January 25, 2023 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری کی بازیابی کیلئے دائر درخواست خارج کر دی۔

فیصلے میں قرار دیا کہ ایف آئی آر اسلام آباد میں درج ہوئی، وہ کیسے کالعدم قرار دے دیں؟ یہ ایف آئی آر خارج کرنے کا اختیار اسلام آباد ہائیکورٹ کے پاس ہے، ایف آئی آر عدالت میں پیش ہو چکی، اسے کیسے حبس بے جا کہہ سکتے ہیں؟

ہائیکورٹ کے طلب کرنے پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پیش ہوئے، عدالت میں جمع جواب میں کہا کہ فواد پنجاب پولیس کی نہیں، اسلام آباد پولیس کی حراست میں ہیں، عدالتی فیصلے کا واٹس اپ پیغام ملا تو فواد کو لے جایا جا چکا تھا، بروقت معلوم ہوجاتا تو انہیں ہر صورت ہائیکورٹ میں پیش کرتے۔۔

اس سے قبل سماعت پر لاہور ہائیکورٹ نے حکم دیا کہ فواد چودھری جہاں بھی ہیں، فوری پیش کریں۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا پولیس فواد چودھری کو لے کر اسلام آباد روانہ ہوچکی، ان کی لوکیشن معلوم نہیں۔ جسٹس طارق سلیم نے جواب دیا حکم پر عمل کریں، اس کے بعد آپ کو تسلی سے سنیں گے۔ مزید سماعت کچھ دیر کیلئے ملتوی کردی تھی۔

پولیس نے آج صبح فواد چودھری کو لاہور سے گرفتار کیا، کینٹ کچہری میں پیش کرکے راہداری ریمانڈ لیا۔ عدالت کے حکم پر پی ٹی آئی رہنماء کا میڈیکل بھی کرایا گیا۔

فواد چودھری کے خلاف سیکرٹری الیکشن کمیشن کی درخواست پر گزشتہ روز تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔