Friday, May 3, 2024

الیکشن کمیشن کو دھمکانے کا کیس، فواد چودھری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد

الیکشن کمیشن کو دھمکانے کا کیس، فواد چودھری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد
January 27, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - اسلام آباد کی مقامی عدالت نے الیکشن کمیشن کو دھمکانے کے کیس میں فواد چودھری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کردی۔

الیکشن کمیشن کیخلاف نفرت پھیلانے اور دھمکانے کے کیس میں فواد چودھری کو دو روزہ ریمانڈ مکمل ہونے پر اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا۔ دوران سماعت پولیس نے فواد چودھری کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ فواد چودھری کی وائس میچنگ کرا لی گئی ہے۔ فوٹوگرامٹک ٹیسٹ کے لیے فواد چودھری کو لاہور لے کر جانا ہے۔

تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ رات بارہ بجے دو روز کا ریمانڈ ملا تب تک ایک دن ختم ہو گیا تھا۔ عدالت مزید جسمانی ریمانڈ دے۔ وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ فواد چودھری کے گھر سے لیپ ٹاپ اور موبائل ان کی موجودگی میں حاصل کرنا ضروری ہے۔ فواد چودھری کے بیان میں دیگر افراد بھی شامل ہیں جس پر بابر اعوان نے کہا کہ میں بھی فواد چودھری کے بیان میں شامل ہوں۔ اس پر بابر اعوان اور الیکشن کمیشن کے وکیل کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی۔

بابر اعوان کا کہنا تھا کہ ایٹمی ریاست کو موم کی گڑیا بںا دیا گیا ہے۔ جس طرح فواد چودھری کے چہرے پر چادر ڈالی گئی اُس طرح تو کلبھوشن یادیو کے ساتھ بھی نہیں کیا گیا۔ پراسیکیوشن کہتی ہے فواد چودھری بولتا ہے، پاکستان میں کون نہیں بولتا؟ پولیس جس کو پکڑتی ہے کہتی ہے لاہور میں بیٹھے شخص کا نام لے لو۔

بابر اعوان نے کہا کہ سارے ثبوت اور لیب لاہور میں ہیں، جب لاہور ہائیکورٹ ملزم کا پوچھ رہی تھی تو اسلام آباد لے آئے۔ پراسیکیوشن نہیں بتا رہی کہ یہ فواد چودھری سے آخر چاہتے کیا ہیں۔

عدالت نے پولیس کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر تے ہوئے فواد چودھری کو 14 روزہ جودیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دیدیا۔