اسلام آباد (92 نیوز) - الیکشن کمیشن نے چیف الیکشن کمشنر پر لگائے گئے الزامات کی سختی سے مذمت اور تردید کر دی۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے پچھلے چند روز سے بعض سیاسی شخصیات کی طرف سے الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے۔ پنجاب کے 20 حلقوں میں شفاف الیکشن کے لئے مناسب انتظامات کئے ہوئے ہیں۔ ایسے انتظامات خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں کئے گئے تھے۔ الیکشن کمیشن آئندہ بھی تمام انتخابات میں ایسا ہی کرتا رہے گا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ تاثر بھی غلط پھیلایا جا رہا ہے کہ ووٹرز کو جان بوجھ کر دور دراز شفٹ کر دیا گیا ہے۔ پنجاب میں 20 حلقوں میں ضمنی الیکشن موجودہ انتخابی فہرستوں اور حلقہ بندیوں پر ہو رہے ہے۔ امید کی جاتی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں آئندہ ایسے بے بنیاد الزامات سے اجتناب کریں گی۔