Wednesday, May 1, 2024

الیکشن کمیشن کا این اے 193 راجن پور میں کل ہونیوالا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے سے انکار

الیکشن کمیشن کا این اے 193 راجن پور میں کل ہونیوالا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے سے انکار
February 25, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 راجن پور میں کل ہونے والا ضمنی انتخاب ملتوی کرنے سے انکار کردیا۔ الیکشن کمیشن نے اس حوالے سے پنجاب حکومت کی درخواست مسترد کر دی۔

پنجاب حکومت نے امن و امان کی خراب صورتحال کو جواز بنا کر قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 193 راجن پور کا ضمنی الیکشن ملتوی کرنے کی استدعا کی، الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومت کی درخواست کو رد کردیا۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت پر واضح کردیا کہ ضمنی الیکشن شیڈول کے مطابق ہی ہوگا، جس کیلئے تمام ترانتظامات مکمل ہیں۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ کنٹرول روم میں ریٹرننگ افسر، متعلقہ ڈپٹی کمشنر، پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے حکام یا ان کے نمائندگان موجود رہیں گے تاکہ کسی بھی غیر معمولی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بروقت اقدامات کئے جاسکیں۔

دوسری طرف الیکشن کمیشن کی واضح ہدایت کے باوجود ضلعی انتظامیہ نے الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون سے انکار کردیا، جس کا الیکشن کمیشن نے سختی سے نوٹس لیا۔ الیکشن کمیشن نے آرٹیکل 220 کے تحت چیف سیکرٹری کو ہنگامی مراسلہ ارسال کیا، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چیف سیکرٹری ضلعی انتظامیہ کو الیکشن کمیشن سے تعاون کی ہدایات جاری کریں، ایسا نہ کیا گیا تو سخت کارروائی کی جائے گی۔

این اے 193 راجن پور کی یہ نشست تحریک انصاف کے ایم این اے جعفر لغاری کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی، ضمنی انتخاب میں 11 امیدوار حصہ لے رے ہیں، حلقے کے 65 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔