Saturday, July 27, 2024

الیکشن کمیشن کا 30 نومبر کو حلقہ بندی کی حتمی اشاعت کا اعلان

الیکشن کمیشن کا 30 نومبر کو حلقہ بندی کی حتمی اشاعت کا اعلان
September 1, 2023 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - ملک بھر میں نئی مردم شماری کے تحت حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت 14 دسمبر کے بجائے 30 نومبر کو ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد دورانیہ 14 روز کم کر دیا۔

عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں، الیکشن کمیشن نے حلقہ بندیوں پر کام تیز کر دیا، حلقہ بندیوں کی حتمی اشاعت کی تاریخ میں 14 روز کم کرنے کا اعلان کر دیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں سیاسی جماعتوں سے مشاورت اور اُن کی تجاویز کے تناظر میں حلقہ بندی کے دورانیے کو مزید کم کرنے پر غور کیا گیا۔ جاری اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی مشاورت اور حلقہ بندی کے کام کو جلد مکمل کرنے کے لئے حلقہ بندی کے دورانیے کو مزید کم کر دیا۔ اب حلقہ بندی کی حتمی اشاعت 30 نومبر 2023ء کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حلقہ بندی کے دورانیے کو کم کرنے کا مقصد جتنا جلدی ممکن ہو سکے الیکشن کا انعقاد ہے، اس تاریخ کو مدنظر رکھتے ہوئے انتخابات کے شیڈول بھی اعلان کر دیا جائے گا۔ اس سے قبل 14 دسمبر کو حلقہ بندیوں کی اشاعت کی تاریخ دی گئی تھی۔