Thursday, April 25, 2024

الیکشن کمیشن اس نتیجے پر پہنچا کہ یہ فارن فنڈنگ نہیں تھی، فواد چودھری

الیکشن کمیشن اس نتیجے پر پہنچا کہ یہ فارن فنڈنگ نہیں تھی، فواد چودھری
August 2, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - رہنماء پی ٹی آئی فواد چودھری کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن اس نتیجے پر پہنچا کہ یہ فارن فنڈنگ نہیں تھی، ہمارا مطالبہ ہے دیگر جماعتوں کی فنڈنگ کا بھی عوام کو بتائیں۔

منگل کے روز الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی ائی واحد جماعت ہے جس کی فنڈنگ ہوتی ہے، باقیوں نے سیٹھ رکھا ہوا ہے۔ پی ٹی آئی کو اوورسیز پاکستان فنڈنگ کرتے ہیں یہ فنڈنگ بھی اوورسیز پاکستانیوں کی تھی۔ اوورسیز پاکستانی کی معیشت کو سہارا دیتے ہیں۔

فواد چودھری نے کہا کہ کسی جماعت کو حق نہیں کہ فنڈنگ چھپائے، اُمید ہے اب دوسری جماعتوں کی فنڈنگ بھی سامنے لائی جائے گی، اب اگلا مرحلہ شروع ہوا ہے۔ فرخ حبیب اس فیصلے کو چیلنج کرنے جارہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنماء فرخ حبیب بولے آج کے فیصلے کے بعد جو ہم بار بار کہتے تھے وہ سچ ثابت ہوا، یہ فارن فنڈنگ کا کیس ہی نہیں تھا، ہمارے پاس فنڈنگ کے تمام ذرائع موجود ہیں، تمام تفصیلات جمع کرائیں گے، تحریک انصاف پر پابندی کا کوئی فیصلہ نہیں آیا۔

ملائیکہ بخاری نے کہا کہ مس ڈیکلریشن والا فیصلہ بھی ہم چیلنج کرنے جا رہے ہیں۔ آج پی ڈی ایم کے لیے مایوسی کا دن ہے۔ ثابت ہوا جانبدار الیکشن کمیشن نے ایک ہی جماعت پر ان قانون کا اطلاق کیا ہے۔ ن لیگ اور پی پی اپنے جواب دیں، جے یو آئی ف لیبیا سے فنڈنگ اور ن لیگ اسامہ بن لادن سے فنڈنگ کا جواب دے۔