Saturday, September 21, 2024

سلیمان شہباز کی واپسی این آر او ٹو ہے، جو جنرل (ر) باجوہ نے دیا، عمران خان

سلیمان شہباز کی واپسی این آر او ٹو ہے، جو جنرل (ر) باجوہ نے دیا، عمران خان
December 8, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) – سابق وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں سلیمان شہباز کی واپسی این آر او ٹو ہے، نئے آرمی چیف کو سابق کی پالیسیوں کو لے کر نہیں چلنا چاہیے، الیکشن کمیشن انہیں نااہل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، پرویز الہٰی نے ان پر اعتماد کیا ہے، ان کے کہنے کے مطابق چلیں گے۔

زمان پارک لاہور میں یوٹیوبرز سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے عمران خان نے کئی سیاسی راز کھول کر رکھ دئیے۔ کہا کہ سلیمان شہباز کی واپسی این آر او ٹو ہے، جو جنرل ریٹائرڈ باجوہ نے دیا۔ عمران خان نے کہا نئے آرمی چیف کو سابق کی پالیسیوں کو لے کر نہیں چلنا چاہیے۔

عمران خان نے کہا انہوں نے کبھی بھی جنرل باجوہ کو باس نہیں کہا کیونکہ وزیراعظم تو وہ خود تھے، انہوں نے کہا جنرل فیض کو آرمی چیف بنانے کا نہیں سوچا تھا، یہ سب پروپیگنڈا کیا گیا، جنرل فیض سے تعلق تب تھا، جب وہ ڈی جی آئی ایس آئی تھے۔

عمران خان نے کہا الیکشن کمیشن انہیں نااہل کرنے کی کوشش کر رہا ہے، چودھری پرویز الہٰی نے ان پر اعتماد کیا ہے، وزیراعلیٰٗ پنجاب نے یقین دہانی کروائی ہے کہ جب وہ کہیں گے اسمبلی توڑ دیں گے۔

عمران خان نے کہا ان پر حملے کا منصوبہ ڈھائی ماہ پہلے بنایا گیا تھا، انہوں نے کہا حملہ آور کی ویڈیوز کو منصوبہ بندی کے تحت ریلیز کیا گیا۔ عمران خان نے کہا نیب پہلے بھی اسٹیبلشمنٹ کے ماتحت تھی اور صرف کمزوروں پر ہاتھ ڈالتی رہی۔

اس سے قبل اٹک، جہلم، چکوال اور سیالکوٹ ڈویژن کے ارکان اسمبلی نے عمران خان سے ملاقات کی۔ عمران خان نے کہا حکومت کے پاس فوری انتخابات کے علاوہ کوئی آپشن نہیں۔ انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو انتخابات کی تیاری کی ہدایت بھی کردی۔