Wednesday, April 24, 2024

الیکشن کمیشن، 2017 کی مردم شماری کی بنیاد پر نئی حلقہ بندیوں پر کام شروع

الیکشن کمیشن، 2017 کی مردم شماری کی بنیاد پر نئی حلقہ بندیوں پر کام شروع
April 8, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - الیکشن کمیشن نے 2017 کی مردم شماری کی بنیاد پر نئی حلقہ بندیوں پر کام شروع کر دیا۔

چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں ممبران اور سینئیر افسران نے شرکت کی۔ الیکشن کمیشن نے ڈیجیٹل مردم شماری کا انتظار کئے بغیر 2017 میں کی گئی مردم شماری کی بنیاد پر نئی حلقہ بندیوں پر کام شروع کر دیا۔

اجلاس میں چار ماہ میں ہنگامی بنیادوں پر حلقہ بندیوں کا کام مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے بروقت حلقہ بندیاں مکمل کرنے کیلئے تمام صوبائی حکومتوں سے فوری ڈیتا اور نقشہ جات فراہم کرنے کا کیلئے خط لکھنے کا فیصلہ کیا۔ چیف الیکشن کمشنر نے سیکرٹری اور اسپیشل سیکرٹری کو عام انتخابات کیلئے مکمل ایکشن پلان پیش کرنے کی ہدایت کی۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن ملک میں جمہوری عمل کے تسلسل کو برقرار رکھنے کیلئے اپنا آئینی کردار ادا کر رہا ہے اور آئندہ بھی کرے گا۔ اجلاس میں عام انتخابات کیلئے ووٹر لسٹوں کی اپڈیشن اور نظرثانی کا کام ہنگامی بنیادوں پر تیز کرنے کا بھی فیصلہ ہوا۔

الیکشن کمیشن نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے صوبائی حکومت کی جانب سے فنڈز کیلئے این او سی جاری نہ کرنے پر سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں الیکشن کمیشن کومکمل انتظامی اور مالی تعاون فراہم کرنے کی پابند ہیں۔ الیکشن کمیشن نے این 33 ہنگو میں ضمنی انتخابات پر پولنگ 17 اپریل کو کرانے کا اعلان کیا۔