Friday, April 26, 2024

اعلیٰ فوجی قیادت کا دفاعی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار

اعلیٰ فوجی قیادت کا دفاعی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار
July 23, 2022 ویب ڈیسک

راولپنڈی (92 نیوز) - اعلیٰ فوجی قیادت نے دفاعی تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی زیر صدارت عسکری قیادت کے اجلاس میں دفاعی اور سلامتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی زیر صدارت اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم کو کے پی اور بلوچستان میں مغربی سرحدوں کی تازہ ترین صورتحال سمیت قومی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ فورم نے اسٹریٹجک اور روایتی پالیسیوں میں تیز رفتار پیش رفت، خطے میں پائیدار ترقی کے لئے افغانستان میں امن کی اہمیت اور مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے مسلح افواج کی تیاریوں پر مکمل اطمینان اور مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ شرکاء کی جانب سے اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ مسلح افواج ہر طرح کے خطرات کا بھرپور جواب دینے کے لئے تیار ہیں جس کیلئے ایک جامع سیکیورٹی حکمت عملی موجود ہے۔