Friday, April 26, 2024

عالمی توانائی ایجنسی کی اسٹریٹجک ذخائر ریلیز کرنے کے باوجود عالمی مارکیٹ میں خام تیل مہنگا

عالمی توانائی ایجنسی کی اسٹریٹجک ذخائر ریلیز کرنے کے باوجود عالمی مارکیٹ میں خام تیل مہنگا
April 9, 2022 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) - عالمی توانائی ایجنسی کا اسٹریٹجک ذخائر سے 60 ملین بیرل تیل ریلیز کرنے کے باوجود عالمی مارکیٹ میں خام تیل مہنگا ہو گیا۔

کاروباری ہفتے کے آخری روز برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت 2 ڈالر، 19 سینٹ اضافہ سے 102 ڈالر، 80 سینٹ ہو گئی۔ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی فی بیرل قیمت 2 ڈالر، 32 بڑھ گئی جس کے بعد مستقبل کے سودے 98 ڈالر اور 26 سینٹ میں طے ہوئے۔

عالمی توانائی ایجنسی کے اعلان سے پہلے امریکا نے بھی 6 ملین بیرل اضافی تیل ریلیز کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم پرائس فیوچر گروپ کا کہنا ہے کہ مصنوعی طور پر تیل کی قیمتیں کم کرنے سے مانگ میں اضافہ ہو گا۔ تیل کی اضافی سپلائی بہت جلد ختم ہو جائے گی جبکہ تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل پر آنے سے اوپیک سپلائی کم کر سکتا ہے۔

ادھر عالمی مارکیٹ میں سونے ،چاندی اور  قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ سونے کی فی اونس قیمت 10 ڈالر کے اضافے  سے ایک ہزار، 974 ڈالر ہو گئی۔ چاندی  کی اونس قیمت 14 سینٹ کے اضافے  سے 24 ڈالر 87 سینٹ ریکارڈ کی گئی۔ پلاٹینم کے  فی اونس  نرخ 18 ڈالر کے اضافے سے 976 ڈالر  اور  پلاڈئیم  کا فی اونس ریٹ 172 ڈالر کے اضافے سے 2 ہزار، 396 ڈالر  ہو گیا ۔

کاروباری  ہفتے  کے آخری روز امریکی اسٹاک مارکیٹ میں مندی رہی۔ نیسڈیک ٹیکنالوجی  انڈیکس   میں   186 پوائنٹ کی کمی ہوئی۔ ایس اینڈ پی 500 انڈیکس میں  12 پوائنٹ   کی  کمی  ریکارڈ کی گئی تاہم ڈاؤ جونز انڈسٹریل انڈیکس  میں مندی کے بعد 137 پوائنٹ کی ریکوری ہوئی۔