Saturday, July 27, 2024

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی آگئی

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی آگئی
November 22, 2022 ویب ڈیسک

نیویارک (92 نیوز) - اوپیک کی طرف سے خام تیل کی پیداوار میں ممکنہ اضافے کے اثرات سے عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی آگئی، امریکی خام تیل کی قیمت 34 سینٹ کمی سے فی بیرل79 اعشاریہ 74 ڈالر ہوگئی۔

جنوری میں تیل کے پیداواری منصوبے کے لئے اوپیک کا اجلاس 4 دسمبر کو ہوگا، پیداوار میں ممکنہ اضافے پر تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے۔ امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت 34 سینٹ گر کر 79.74 ڈالرہو گئی۔ برطانوی برینٹ تیل کی فی بیرل قیمت 3 سینٹ کی کمی سے 87.56 ڈالر ہوگئی۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق یورپی تاجروں نے روسی ڈیزل ذخیرہ کرنا شروع کردیا ہے۔ یورپی یونین 5 فروری تک روسی تیل کی درآمدات پر پابندی عائد کر دے گی۔ ایمسٹرڈیم میں روسی ڈیزل کی لوڈنگ 2 لاکھ 15 ہزار بیرل یومیہ تک پہنچ گئی۔ روس براعظم کا سب سے بڑا ڈیزل فراہم کرنے والا ملک ہے۔ یورپی یونین کو روسی حجم کو تبدیل کرنے کے لیے یومیہ 6 لاکھ بیرل ڈیزل محفوظ کرنا پڑے گا۔

امریکی اخبار کے مطابق سعودی عرب کی اوپیک کے ساتھ پیداوار میں ا ضافے کے لئے بات چیت ہوئی جبکہ سعودی عرب نےاس کی تردید کردی ہے ۔سعودی وزیر توانائی عبدالعزیر بن سلمان نے کہا کہ اوپیک پلس کی یومیہ 2 ملین بیرل کی کٹوتی 2023 کے آخر تک رہے گی۔ مارکیٹ کو متوازن کرنے کیلئے اوپیک مزید اقدامات کر سکتا ہے۔