Friday, March 29, 2024

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، امریکی اسٹاک ایکسچینز میں مندی

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، امریکی اسٹاک ایکسچینز میں مندی
March 4, 2022 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) - عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ جاری جبکہ امریکی اسٹاک ایکسچینز میں مندی برقرار ہے۔

روس پر پابندیوں کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں اتار چڑھاؤ کا شکار ہیں۔ امریکا کی طرف سے تیل کے ذخائر جاری کرنے کا بھی بڑا فائدہ نہ ہوا۔

امریکی اقدام کے بعد خام تیل کی قیمتیں 117 ڈالر سے 110 ڈالر پر آئیں لیکن مارکیٹ کے اختتام پر برطانوی برینٹ آئل کی قیمت دوبارہ بڑھ کر 112 ڈالر، 50 سینٹ پر چلی گئی۔ امریکی ڈبلیو ٹی آئی کے سودے 110 ڈالر میں طے ہوئے۔

عالمی مارکیٹ میں سونے، چاندی، پلاٹینیم اور تانبے کی قیمتیں بھی مزید بڑھ گئی۔ فی اونس سونا 8 ڈالر سے زائد اضافہ کے بعد ایک ہزار، 936 ڈالر، 77 سینٹ کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا۔ چاندی 10 سینٹ مہنگی ہو کر 25 ڈالر، 29 سینٹ کی ہو گئی۔

تانبے کی قیمت میں 12 ڈالر، 25 سینٹ کا اضافہ ہوا جس کے بعد فی پونڈ تانبے کی قیمت 478 ڈالر، 80 سینٹ پر آ گئی جبکہ پلاٹینیم 8 ڈالر، 26 سینٹ مہنگا ہو کر ایک ہزار، 83 ڈالر اور 16 سینٹ کا ہو گیا۔ عالمی مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں 29 ڈالر کا اضافہ دیکھا گیا۔ گندم کی قیمت فی ٹن 390 ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

امریکی اسٹاک ایکسچینجز میں بھی مندی کا رجحان برقرار ہے۔ نیسڈیک انڈیکس میں 200 سے زائد پوائنٹ کی کمی ہوئی جبکہ ڈاؤ جونز انڈیکس 90 پوائنٹ کی کمی پر بند ہوا۔