Tuesday, April 23, 2024

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں دو فیصد کمی

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں دو فیصد کمی
August 13, 2022 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) - عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں دو فیصد کمی دیکھنے میں آئی۔ امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت میں دو اعشاریہ چار صفر ڈالر کی کمی ہوئی۔

امریکی ڈبلیو ٹی آئی خام تیل فی بیرل ڈھائی ڈالر سستا ہونے کے بعد 92 ڈالر، 9 سینٹ کا ہو گیا۔ برطانوی برینٹ خام تیل کی قیمت میں ڈیڑھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد فی بیرل برطانوی خام تیل 98 ڈالر، 15 سینٹ کا ہو گیا۔

ادھر خلیج میکسیکو  سے امریکی کمپنی  نے پائپ لائن میں خرابی کے باعث تینوں پلیٹ فارمز بند  کر دئیے۔ امریکی  کمپنی خلیج میکسیکو سے یومیہ چار لاکھ 10 ہزار بیرل تیل  پیدا کرتی ہے۔

عالمی مارکیٹ میں  سونے کی فی اونس قیمت   11 ڈالر کے اضافے  سے   ایک ہزار، 818 ڈالر ہو گئی جبکہ   پلاٹینم  کی فی اونس قیمت 4 ڈالر کے اضافے  سے 963 ڈالر، 40 سینٹ ریکارڈ کی گئی۔

عالمی  مارکیٹ  میں ملائیشین  پام آئل کی قیمت میں تیزی دیکھی گئی۔ فی ٹن ملائیشین پام آئل 64 سینٹ اضافہ سے 943ڈالر، 19 کا ہو گیا جبکہ گندم سوا تین یورو مہنگی ہو کر 340 یورو فی ٹن ہو گئی۔

ادھر ٹیک  کمپنیوں  کے شیئرز  بڑھنے سے  کرپٹو  کرنسیز کی قدر میں تیزی دیکھی جا رہی ہے۔ بٹ کوائن  کئی ماہ بعد 24 ہزار، 900 کی حد کراس کرگیا جبکہ ایتھریم ایک ہزار، 965 ڈالر کا ہو گیا۔

دوسری طرف چین   کی پانچ سرکاری کمپنیوں نے نیویارک اسٹاک ایکسچینج   سے ڈی لسٹنگ کا اعلان  کر دیا۔ چینی کمپنیوں کا امریکا میں آڈٹ معیارات کا  تنازع چل  رہا ہے۔ خبرایجنسی   کے مطابق ڈی  لسٹنگ کی وجہ امریکی اسپیکر کا دورہ  تائیوان  ہے۔ ڈی لسٹنگ کا اعلان کرنے والی کمپنیوں میں  سائنوپیک ، چائنا لائف انشورنس، ایلومینیم کارپوریشن آف چائنا ،پیٹرو چائنا اور   شنگھائی پیٹرو کیمیکل   شامل  ہیں ۔