Friday, April 26, 2024

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں 3 ڈالر سے زائد کا بڑا اضافہ

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں 3 ڈالر سے زائد کا بڑا اضافہ
July 28, 2022 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) - عالمی مارکیٹ میں خام تیل فی بیرل 3 ڈالر سے زائد مہنگا ہو گیا۔

عالمی منڈی میں  امریکی ڈبلیو ٹی آئی  خام تیل کی فی بیرل قیمت 3ڈالر، 12سینٹ اضافہ سے 98 ڈالر، 10سینٹ ہو گئی جبکہ برطانوی برینٹ خام  تیل  3 ڈالر مہنگا ہونے کے بعد 107 ڈالر اور 36سینٹ فی بیرل ہو گیا۔

عالمی مارکیٹ میں سونے اور  قیمتی دھاتوں  کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ سونے کی  فی اونس  قیمت 17 ڈالر کے اضافے سے ایک ہزار، 736 ڈالر ہو گئی۔ چاندی  کی فی اونس قیمت 54 سینٹ بڑھ کر 19ڈالر، 14سینٹ ریکارڈ کی گئی۔ تانبے کی فی گرام قیمت میں 57 سینٹ کے اضافہ ہوا جس کے بعد فی گرام تانبہ 3ڈالر، 48سینٹ کا ہوگیا جبکہ پلاٹینم کی فی اونس قیمت 5ڈالر، 40سینٹ بڑھ کر   882 ڈالر فی اونس ہو گئی۔

ملائیشین پام  آئل کی  فی ٹن  قیمت  میں 11 ڈالر کا اضافہ ہوا جس سے ملائیشین پام آئل کی فی ٹن قیمت 876.98 ڈالر ہو گئی۔ دوسری طرف یوکرین  کی بندرگاہوں  سے  گندم کی ترسیل  سے  عالمی  منڈی میں قیمتوں  میں کمی ہوئی ہے ۔ گندم کی فی ٹن  قیمت  ساڑھے تین یورو کمی کے بعد 340ڈالر پر آ گئی۔   

ادھرامریکی مرکزی بینک نے شرح سود میں ایک بار پھر  صفر اعشاریہ  سات پانچ  فیصد اضافہ کر دیا۔ امریکی فیڈرل ریزرو نے قرض کی فراہمی کی رینج بھی بڑھا کر 2.25 سے 2.50 فیصد کر دی ہے۔

دوسری جانب روس نے یورپ کو گیس کی سپلائی میں باضابطہ طور پر کمی  کر دی۔ روسی گیس کمپنی گیزپروم کے مطابق اب یورپ پر صرف 20فیصد گیس سپلائی کی جائے گی۔ یورپ کو گیس کا بہاؤ 14.4ملین کلو واٹ فی گھنٹہ رہ گیا۔ روسی  گیس پر سب  سے زیادہ انحصار کرنے والا جرمنی مشکلات میں پڑ  گیا ہے۔

اقتصادی ماہر ین کا کہنا ہے کہ جرمنی   کو کساد بازاری اور مہنگائی   کا سامنا کرنا پڑے  گا۔ روسی  گیس درآمد کرنے والی جرمن کمپنی یونیپر نے حکومت  سے 15.21 ارب ڈالر کا بیل آؤٹ پیکیج  مانگ لیا۔