Saturday, July 27, 2024

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 9 ماہ کی کم ترین سطح 84 ڈالر پر آگئی

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 9 ماہ کی کم ترین سطح 84 ڈالر پر آگئی
September 27, 2022 ویب ڈیسک

نیویارک (92 نیوز) - ڈالر کی مضبوطی اور کساد بازاری کے خدشات سے آئل مارکیٹ کوبڑادھچکا لگا ہے، عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 9 ماہ کی کم ترین سطح تک گر گئی۔

دنیا کے مرکزی بینکوں کی جانب سے شرح سود میں اضافے اور امریکی ڈالر کی مضبوطی سے عالمی کساد بازاری کے خدشات سے خام تیل کے نرخ گر گئے، عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 9 ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی، امریکی ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کے سودے مزید 71 سینٹ کی کمی سے 76 ڈالر فی بیرل میں طے پائے، جبکہ برطانوی برینٹ خام تیل کی فی بیرل قیمت 74 سینٹ کی کمی 84 ڈالر پر ریکارڈ کی گئی۔

عالمی مارکیٹ میں سونے ،چاندی اورپلاٹینم کےنرخ گر گئے، سونے کی فی اونس قیمت 10 سینٹ کم ہوکر 1633 ڈالر پرآگئی، چاندی کی فی اونس قیمت 95 سینٹ کی کمی سے 18.38 ڈالر ہوگئی۔

عالمی مارکیٹ میں خوردنی تیل کا ریٹ بھی گر گیا، ملائیشین پام آئل کی فی ٹن قیمت 41.49 ڈالر کی کمی سے 756.68 ڈالر ہو گئی جبکہ گندم کے نرخ 2.25 یورو کی کمی سے 343 عشاریہ 75 یورو فی ٹن پر آگئے۔

دوسری جانب حصص کی فروخت کے دباؤ سے امریکی اسٹاک مارکیٹ میں چوتھے روز بھی مندی کا رجحان رہا، ڈاؤ جونز انڈسٹریل انڈیکس 340 پوائنٹس کی کم ترین سطح تک گر گیا، ایس اینڈ پی انڈیکس 38 جبکہ نیسڈیک کمپوزٹ انڈیکس 65 پوائنٹ کمی پر بند ہوا۔