Friday, April 26, 2024

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کے نرخ کم، سونا، چاندی اور قیمتی دھاتیں بھی سستی

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کے نرخ کم، سونا، چاندی اور قیمتی دھاتیں بھی سستی
August 23, 2022 ویب ڈیسک

نیویارک (92 نیوز) - عالمی مارکیٹ میں خام تیل کے نرخ کم ہو گئے، سونا، چاندی اور قیمتی دھاتیں بھی سستی ہوگئیں جبکہ خوردنی تیل کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی ہے۔ ادھر شرح سود میں مزید اضافہ کے خدشہ کے پیش نظر امریکا اور یورپ کے حصص بازاروں میں شدید مندی رہی۔

اوپیک کی طرف سے پیداوار میں اضافہ کا امکان،،، عالمی مارکیٹ میں خام تیل کےنرخ کم ہو گئے۔ امریکی خام تیل فی بیرل 90ڈالر، 67سینٹ کا ہوگیا جبکہ برطانوی خام تیل کے مستقبل کے سودے 96 ڈالر، 76 سینٹ میں طے ہوئے۔

عالمی مارکیٹ میں سونے اور دیگر قیمتی دھاتوں کے ریٹ بھی گر گئے، فی اونس سونے کے نرخ 15 ڈالرکی کمی سے ایک ہزار،748 ڈالر پر آ گئے جبکہ چاندی کی فی اونس قیمت 20 سینٹ کمی سے 18 ڈالر، 86 سینٹ ہوگئی، فی گرام تانبہ 11 سینٹ سستا ہوکر 3 ڈالر، 65 سینٹ کا ہوگیا جبکہ پلاٹینم کی فی اونس قیمت 20 ڈالر کی کمی سے867  ڈالر ہو گئی۔

عالمی منڈی میں ملائیشین پام آئل کی فی ٹن قیمت 15 ڈالر، 16 سینٹ کمی کے بعد 928 ڈالر، 43 سینٹ ریکارڈ کی گئی، البتہ گندم ساڑھے سات یورو مہنگی ہوگئی، جس کے بعد ایک ٹن گندم کی قیمت 321 یورو، 75 سینٹ رہی۔

ادھر امریکی اسٹاک مارکیٹ میں مندی کی بڑی لہر ریکارڈ کی گئی، شرح سود میں متوقع اضافہ کی وجہ سے سرمایہ کار محتاط ہو گئے، ڈاؤ جونز انڈسٹریل انڈیکس 600 پوائنٹ گر گیا، ایس اینڈ پی 500 انڈیکس میں 91 جبکہ نیسڈیک کمپوزٹ انڈیکس میں 323 پوائنٹ کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

دوسری جانب شرح سود میں مزید اضافہ کی اطلاعات پر یورپین اسٹاک مارکیٹ میں بھی مندی کارجحان رہا، ڈیکس انڈیکس 313، سی اے سی کا انڈیکس 117، ایف ٹی ایس ای انڈیکس 16 جبکہ یور واسٹاکس انڈیکس 5 پوائنٹ کی کمی پر بند ہوا۔