Sunday, May 19, 2024

عالمی مارکیٹ میں خام تیل اور گندم مہنگی، امریکا اور ایشیا کی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی

عالمی مارکیٹ میں خام تیل اور گندم مہنگی، امریکا اور ایشیا کی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی
July 26, 2022 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) - نیویارک (92 نیوز) عالمی مارکیٹ میں خام تیل 106 ڈالر فی بیرل سے بھی مہنگا ہوگیا، گندم کی قیمت میں بھی اضافہ ہوگیا۔ امریکا اور ایشیا کی اسٹاک ایکسچینجز بھی مندی کا شکار رہیں۔

امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت 98 ڈالر، 3 سینٹ ہوگئی، جبکہ برطانوی برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودے 106 ڈالر، 60 سینٹ فی بیرل میں طے ہوئے۔

امریکی ڈالر کی قدر بڑھنے سے سونے اورچاندی میں سرمایہ کاری کم ہو گئی، جس سے سونے کی فی اونس قیمت 12 ڈالرکی کمی سے ایک ہزار، 715 ڈالر جبکہ چاندی کی فی اونس قیمت 31 سینٹ کی کمی سے 18 ڈالر، 32 سینٹ ہوگئی۔

اجناس کی قیمتوں پر نظر ڈالیں تو عالمی منڈی میں گندم،مکئی اور سویا بین کی قیمتوں میں تیزی رہی، گندم کی فی ٹن قیمت 3 یورو اضافہ سے 331 یورو، 25 سینٹ پر پہنچ گئی، 25 کلو مکئی کی قیمت میں 17 سینٹ کا اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد اس کی قیمت 5 ڈالر، 79 سینٹ ریکارڈ کی گئی، دوسری جانب ملائیشین پام آئل کی فی ٹن قیمت 4 ڈالر، 4 سینٹ سستا ہونے کے بعد فی ٹن 832 ڈالر کا ہوگیا۔

ادھر ٹیک کمپنیوں کےشیئرگرنے سے ایشیائی اسٹاک مارکیٹ میں مندی رہی، ٹوکیو اسٹاک مارکیٹ انڈیکس 215 پوائنٹس گرگیا، ہانگ کانگ اسٹاک انڈیکس میں 46 جبکہ شنگھائی اسٹاک مارکیٹ کے انڈیکس میں 19 پوائنٹس سے زائد کمی ہوئی۔

امریکا میں نیسڈیک انڈیکس اعشاریہ تینتالیس پوائنٹ کی کمی پر بند ہوا تاہم ڈاؤ انڈیکس میں 28 فیصد اور ایس اینڈ پی انڈیکس میں اعشاریہ 13 فیصد تیزی دیکھی گئی۔

دوسری طرف روس نے کل سے یورپ کو گیس سپلائی میں 20فیصد کمی کا اعلان کیا ہے، جبکہ جرمنی کیلئے یومیہ گیس سپلائی میں 33فیصد تک کمی کردی گئی ہے، یورپی یونین نے خدشہ ظاہرکیا ہے یورپ موسم سرما میں کساد بازاری کا شکار ہو سکتا ہے۔