Friday, March 29, 2024

عالمی مارکیٹ میں خام تیل مزید 2 ڈالر فی بیرل مہنگا ہو گیا

عالمی مارکیٹ میں خام تیل مزید 2 ڈالر فی بیرل مہنگا ہو گیا
June 29, 2022 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) - سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے پیداوار میں اضافے سے انکار کر دیا۔ سپلائی میں کمی کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل مزید 2 ڈالر فی بیرل مہنگا ہو گیا۔

امریکی ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی فی بیرل  کی قیمت سوا دو ڈالر اضافہ کے بعد 111ڈالر، 83سینٹ ہوگئی جبکہ برطانوی برینٹ  خام  تیل 2ڈالر، 85سینٹ مہنگا ہونے کے بعد 118 ڈالر فی بیرل ہوگیا۔ دوسری طرف جبکہ جی سیون اجلاس میں روسی  تیل کی قیمتوں کو محدود کرنے  پر اتفاق کیا گیا ہے ۔

عالمی منڈی میں ملائیشین پام آئل  بھی 26 ڈالر مہنگا ہونے کے بعد فی ٹن ایک ہزار، 173ڈالر ہو گیا۔ گندم کی قیمت میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ فی ٹن گندم پونے دو یورو اضافہ سے 356ڈالر، 25سینٹ کی ہو گئی۔

کساد بازاری کے خدشات  کی وجہ سے عالمی مارکیٹ میں  سونے اور قیمتی دھاتوں   میں سرمایہ کاری کم ہو گئی۔ سونے کی فی اونس قیمت اعشاریہ 22فیصد کمی سے ایک ہزار، 820ڈالر ہوگئی۔ چاندی تقریبا 2ڈالر کمی سے 20ڈالر، 75سینٹ فی اونس ہو گئی۔ تانبہ فی گرام 33سینٹ سستا ہوکر 3ڈالر، 75سینٹ کی قیمت پر آگیا۔ پلاڈیئم 51سینٹ کی کمی سے ایک ہزار، 858 جبکہ پلاٹینیم 46سینٹ سستی ہوکر 904ڈالر فی اونس کی قیمت پر آگئی۔

کساد  بازاری کے خدشے کے پیش نظر امریکی اسٹاک ایکسچینجز میں بھی مندی دیکھی گئی۔ ڈاؤ جونز انڈسٹریل انڈیکس 496 ،ایس اینڈ پی 500انڈیکس  اٹھہتر اعشاریہ پانچ پانچ جبکہ نیسڈیک  کمپوزٹ انڈیکس میں 343پوائنٹس کی  کمی پر بند ہوا۔

عالمی مالیاتی بحران کی وجہ سے کرپٹو کرنسی کی قیمت میں بھی مسلسل کمی جاری ہے۔ بٹ کوائن کی قدر 2.83 فیصد کمی سے 20ہزار 283 ڈالر ہو گئی۔ چھ ماہ  میں بٹ کوائن  کی قدر میں 70 فیصد  کمی ہوئی ہے۔ ایتھریم کی قدر 3.46 فیصد  کم ہو کر ایک ہزار 155 ڈالر ہو گئی۔