عالمی مارکیٹ میں خام تیل ڈھائی ڈالر تک سستا ہو گیا

نیو یارک (92 نیوز) - عالمی مارکیٹ میں خام تیل ڈھائی ڈالر تک سستا ہو گیا۔ خوردنی تیل کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی۔
عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں اتار چڑھاؤ جاری ہے۔ امریکی ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی فی بیرل قیمت 2.30 ڈالر کی کمی سے 109 ڈالر ہو گئی جبکہ برطانوی برینٹ خام تیل 2.37 ڈالر سستا ہو کر 115 ڈالر فی بیرل ہو گیا۔
عالمی مارکیٹ میں سونے، چاندی اور کاپر کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی۔ سونے کی فی اونس قیمت ایک ڈالر کمی سے 1819 ڈالرہو گئی، چاندی 11سینٹ سستی ہوکر 20ڈالر فی اونس ہو گئی جبکہ تانبے کی فی گرام قیمت 4سینٹ کمی سے 3.77 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔
ملائیشین پام آئل بھی 18.64 ڈالر سستا ہو گیا جس کے بعد اس کی فی ٹن قیمت 1154ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ دوسری طرف گندم اور سویابین کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ عالمی مارکیٹ میں فی ٹن گندم 1.25یورو اضافہ سے 359یورو ہو گئی جبکہ سویا بین میل کی فی ٹن قیمت 7.70 ڈالر کے اضافے سے 464.50 ڈالر ہو گئی۔
عالمی حصص بازاروں پر نظر ڈالیں تو عالمی معاشی نمو میں کمی کے باعث ایشیائی اسٹاک مارکیٹوں میں مندی رہی۔ ٹوکیو اسٹاک مارکیٹ 0.91، شنگھائی اسٹاک مارکیٹ 1.40 فیصد کمی پر بند ہوئی۔ ہانگ کانگ اسٹاک مارکیٹ کا انڈیکس 400 پوائنٹ گر گیا جبکہ سیول اسٹاک مارکیٹ 1.82 فیصد کمی پر بند ہوئی۔
افراط زر ،کساد بازاری کے خدشات کے باعث یورو اسٹاکس 600 انڈیکس 0.67 جبکہ انڈیکس 1.73فیصد کمی پر بند ہوا۔ ایف ٹی ایس ای انڈیکس میں 0.15فیصد جبکہ سی اے سی انڈیکس میں 0.90 فیصد کمی دیکھی گئی۔