Thursday, April 18, 2024

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان
June 23, 2022 ویب ڈیسک

نیو یارک (92 نیوز) - عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آیا۔ امریکی خام تیل کی فی بیرل قیمت 102 ڈالر ہو گئی۔

یوکرین جنگ نے دنیا کی بڑی معیشتوں  کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔ امریکا سمیت کئی ممالک میں کساد بازاری کے خدشات منڈلانے لگے۔

امریکا، یورپ اور ایشیا کے حصص بازاروں میں شدید مندی دیکھی گئی۔ امریکا کی ڈاؤ انڈیکس اور ایس اینڈ پی 500 انڈیکس اعشاریہ پندرہ جبکہ نیسڈیک  کمپوزٹ انڈیکس اعشاریہ سولہ فیصد کمی پر بند ہوا۔

یورپین اسٹاک بھی مندی کا شکار رہے۔ ڈیکس  انڈیکس 184 پوائنٹ،  ایف ٹی ایس ای انڈیکس 63 پوائنٹ جبکہ سی اے سی انڈیکس  43 پوائنٹ گر گیا۔

ایشیا کے حصص بازاروں پر نظر ڈالیں تو ہانگ  اسٹاک مارکیٹ  کے انڈیکس  2.56فیصد، شنگھائی کمپوزٹ انڈیکس میں 1.2، سیول اسٹاک ایکسچینج 2.74 جبکہ ٹوکیو اسٹاک ایکسچینج اعشاریہ سینتیس فیصد کمی پر بند ہوئی۔ علی بابا کے  شیئرز 4.57 فیصد  تک گر گئے۔

عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں بھی تیزی سے اتار چڑھاؤ جاری ہے۔ امریکی ڈبلیو ٹی آئی خام تیل  ڈیڑھ ڈالر اضافہ کے بعد 103 ڈالر، 50 سینٹ فی بیرل ہو گیا جبکہ بر طانوی برینٹ خام  تیل کی قیمت 109 ڈالر، 30 سینٹ ریکارڈ کی گئی۔

عالمی  مارکیٹ میں سونے کے بھاؤ بھی گر گئے۔ فی اونس سونا 3ڈالر کی کمی سے ایک ہزار، 834 ڈالر کا ہو گیا۔ چاندی 35سینٹ سستی ہوکر 21ڈالر، 40سینٹ کی سطح پر آ گئی جبکہ فی اونس پلاٹینم 13 ڈالر، 10سینٹ کمی سے 926ڈالر، 40سینٹ کی ہو گئی۔

عالمی مارکیٹ میں ملائیشین  پام آئل کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ فی ٹن پام آئل 117 ڈالر  کی کمی سے ایک ہزار، 65 ڈالر کا ہو گیا۔