Saturday, May 4, 2024

عالمی بینک کا حکومت پاکستان کی ٹیکس اہداف کے حصول کی شرط میں ناکامی کا سخت نوٹس

عالمی بینک کا حکومت پاکستان کی ٹیکس اہداف کے حصول کی شرط میں ناکامی کا سخت نوٹس
September 12, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - عالمی بینک نے حکومت پاکستان کی جانب سے ٹیکس اہداف کے حصول کی بڑی شرط پوری کرنے میں مسلسل ناکامی کا نوٹس لے لیا۔

ذرائع ایف بی آر کے مطابق ٹیکس اہداف کے حصول میں ناکامی پر گزشتہ دو سال کے دوران متعلقہ افسران سے پوچھ گچھ نہ ہوسکی۔ اسٹریٹیجک پلاننگ 2019-20  میں جوابدہی کی شرط رکھی گئی تھی۔ انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی اور کسٹمز افسران کی جوابدہی کا پلان بھی بنایا گیا تھا۔

2020-21 اور 2021-22 میں کسٹمز اور آئی آر ایس افسران کو اس ضمن میں سرکلر بھی جاری کیے گئے تھے۔ پرفارمنس انڈیکیٹرز پر عمل درآمد کی روشنی میں افسران کی ترقی اور تعیناتی کا فارمولہ بھی ترتیب دیا گیا انڈیکیٹرز پر عمل درآمد کا آغاز کرنے کے احکامات بھی جاری ہوئے۔ اس عمل کے لیے عالمی بینک اور برطانوی امدادی ادارے ڈیفڈ نے بنیادی فنڈز فراہم کیے تھے۔

یوکے ریونیو سروس اور ملٹی ڈونر ٹرسٹ فار گروتھ اینڈ ریفارمز عمل درآمد کے نگران ادارے بنے۔ اصلاحاتی پروگرام پر عمل درآمد کیلئے ترجیحات بھی طے کر لی گئی تھیں۔ بزنس انٹیلیجنس شیئرنگ کا نظام متعارف بھی کرایا گیا تھا ۔ نئے ٹیکس گزاروں کو نیٹ میں لانے کیلئے ڈیٹا شیئرنگ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال بھی شروع کیا گیا۔