Monday, May 6, 2024

ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث تین ہزار آپریشن ملتوی کردیئے گئے

ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث تین ہزار آپریشن ملتوی کردیئے گئے
November 11, 2016
لاہور(92نیوز)ڈاکٹروں اور نرسوں کا احتجاج ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا سسکتے بلکتے غریب اور دکھیاری مریض کبھی حکمرانوں کو کوستے ہیں تو کبھی انسانی مسیحاؤں کو احتجاج کے باعث پندرہ روز میں تین ہزار آپریشن ملتوی ہوئے۔ تفصیلات کےمطابق  ڈاکٹروں کواس بات سے کوئی غرض نہیں ہے کہ کوئی مررہا ہے یا جی رہا انہیں  مطلب ہے تو صرف اپنے مطالبات سے ہے۔ تڑپتے اور سسکتے مریضوں کی حالت زار کا ڈاکٹروں پر کوئی اثر نہیں ہوتا۔ ایڑیاں رگڑتے رگڑتے مریض موت کی وادی میں اتر بھی جائے تو ان کے دلوں پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔ پندرہ دنوں میں میواسپتال میں چھوٹے اور بڑے تین ہزار مریضوں کے آپریشن ملتوی ہوئے جبکہ ہڑتال کے دوران تیس ہزار سے زائد مریضوں کا علاج بھی نہیں کیا جا سکا۔ ذرائع کے مطابق مریضوں کے علاج سے انکار کے باوجود سنگدل نوجوان ڈاکٹروں کا دل نہ بھرا تو وہ زبردستی آپریشن تھیٹروں کو تالے لگا کر چابیاں اپنے ساتھ لے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بے حس ڈاکٹروں نے اپنی ہڑتال کو کامیاب بنانے اور مطالبات منوانے کے لیے آؤٹ ڈور میں بھی زبردستی تالے لگا کر مریضوں کو علاج سے محروم رکھا۔ دوسری جانب ایم ایس امجد شہزاد کا کہنا ہے کہ ڈاکٹروں کی ہڑتال کے دوران میواسپتال آﺅٹ ڈور میں ڈھائی ہزار مریضوں کامعائنہ کیا گیا۔ ایم ایس کے مطابق عام دنوں میں آﺅٹ ڈور میں چار ہزار مریض آتے ہیں لیکن جمعہ کے روز مریضوں کی تعداد ٹائمنگ کم ہونے کے باعث کم ہوتی ہے۔