Saturday, May 4, 2024

معروف عالم دین علامہ شاہ تراب الحق قادری انتقال کر گئے

معروف عالم دین علامہ شاہ تراب الحق قادری انتقال کر گئے
October 6, 2016
کراچی (92نیوز) معروف عالم دین اور جماعت اہل سنت کراچی کے سربراہ علامہ شاہ تراب الحق قادری انتقال کر گئے۔ وہ کراچی کے نجی اسپتا ل میں طویل عرصے سے زیر علاج تھے۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اہل سنت کراچی کے سربراہ اور معروف عالم دین شاہ تراب الحق کی پیدائش حیدرآباد دکن کے مشہور عالم دین سید شاہ حسین قادری کے ہاں ہوئی۔ ابتدائی تعلیم جامعہ نظامیہ حیدرآباد دکن میں حاصل کی۔ قیام پاکستان کے بعد اہل خانہ کے ہمراہ پاکستان آگئے اور پی آئی بی کالونی میں مستقل سکونت اختیار کی۔ شاہ تراب الحق نے ابتدائی تعلیم فیض عام ہائی اسکول اور دارالعلوم امجدیہ سے حاصل کی۔ وہ برصغیر کی ممتاز روحانی شخصیت قاری مصلح الدین قادری کے خلیفہ اور داماد بھی تھے۔ شاہ تراب الحق آخری وقت تک کھوڑی گارڈن کی میمن مسجد میں خطیب رہے اور جامعہ امجدیہ میں درس و تدریس بھی دیتے رہے۔ شاہ تراب الحق انیس سو پچاسی میں حلقہ این اے ایک سو نوے سے کامیاب ہوکر قومی اسمبلی کے رکن بھی منتخب ہوئے۔ شاہ تراب الحق گزشتہ تیس سالوں سے بارہ ربیع الاول کے مرکزی جلوس کی قیادت کرتے رہے تھے۔ خاندانی ذرائع کے مطابق وہ عرصہ دراز سے گردوں کے امراض میں مبتلا تھے۔ کئی کتابوں کے مصنف شاہ تراب الحق کی زندگی کا باب کراچی کے نجی اسپتال میں بند ہوگیا ۔ انہوں نے سوگواران میں چا ربیٹیاں‘ تین بیٹے اور ملک و بیرون ملک لاکھوں چاہنے والے چھوڑے ہیں۔