Thursday, March 28, 2024

مسئلہ کشمیر پر تمام جماعتیں حکومت کیساتھ ہیں : اپوزیشن کا اعلان

مسئلہ کشمیر پر تمام جماعتیں حکومت کیساتھ ہیں : اپوزیشن کا اعلان
October 3, 2016
اسلام آباد (92نیوز) بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مسئلہ کشمیر اور بھارتی جارحیت پر حکومت کیساتھ ہیں۔ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے معاملے میں یک جان ہیں۔ تفصیلات کے مطابق آل پارٹیز کانفرنس میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بھارتی جارحیت پر وزیراعظم کےساتھ ہیں۔ اختلافات کے باوجود کشمیر ایشو پر وزیر اعظم کے ساتھ ہیں۔ پیپلز پارٹی کا کشمیر ایشو پر موقف واضح ہے۔ بلاول بھٹو نے نیشنل سکیورٹی کمیٹی آف پارلیمنٹ کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مستقل وزیر خارجہ کا تقرر کرے اور ماہر سفاتکاروں کو کشمیر کے ایشو پر پاکستان کے موقف کی وضاحت کے لیے دوسرے ممالک روانہ کیا جائے۔ تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت کے ساتھ کئی ایشوز پر اختلافات کے باوجود انہوں نے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارت اور پوری دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے معاملے میں یک جان ہیں۔ اب کشمیر کے نہتے اور مظلوم لوگ اٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی اقوام متحدہ میں تقریر قوم کے جذبات کی ترجمان تھی۔ ہم کشمیر پر حکومت، فوج اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ چاہتے ہیں کہ کشمیر پر قومی مفاد میں متفقہ پیغام دیا جائے۔ مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا بھارتی جارحیت کے مقابلہ کے لیے قومی اتحاد کے فروغ کی ضرورت ہے۔ پوری قوم کی مشترکہ آواز اور عزم بھی وقت کی ضرورت ہے۔ سیاسی اور سفارتی سطح پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کیا جائے۔ آج کے اجلاس نے دنیا کو ایک مثبت اور تعمیری پیغام بھیجا ہے۔