Friday, April 26, 2024

آج غریب پیسے نہ ہونے پر بھی بہترین علاج کرا سکتا ہے، وزیراعظم عمران خان

آج غریب پیسے نہ ہونے پر بھی بہترین علاج کرا سکتا ہے، وزیراعظم عمران خان
January 26, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے غریب علاج کیلئے ٹھوکریں کھاتا رہا مگر آج غریب پیسے نہ ہونے پر بھی بہترین علاج کرا سکتا ہے۔

عمران خان نے شہریوں میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ تقسیم کئے۔ ہر گھرانے کو 10 لاکھ تک صحت کی سہولیات مفت ملیں گی۔ تقریب سے خطاب میں کہا پاکستان میں صرف امیروں کیلئے سسٹم بنا۔ غریب افراد پیسے نہ ہونے کی وجہ سے اچھے علاج سے محروم ہیں لیکن اب پاکستان میں امیر اور غریب کو علاج کی ایک جیسی سہولت ملے گی۔ قومی صحت کارڈ دنیا بھر میں صحت کی بہترین سہولت ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا انہوں نے اپنی والدہ کا کینسر کا علاج برطانیہ سے کروایا۔ کینسر کا علاج بہت مہنگا ہے۔ عام آدمی اس کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتا۔ 70 کروڑ روپے کی لاگت سے شوکت خانم اسپتال بنایا۔ شوکت خانم میں سالانہ 10 ارب روپے کا مفت علاج کیا جاتا ہے۔

وزیراعلی پنجاب کی ایک بار پھر تعریف میں عمران خان نے کہا وزیراعلیٰ پنجاب پسماندہ علاقے سے ہیں۔ انہیں عوام کی تکلیف کا احساس ہے۔ کھانسی کا علاج بھی بیرون ملک سے کروانے والوں کو غریب کا احساس کیسے ہو گا۔ سروے میں پنجاب کے وزیراعلیٰ نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔

 وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا تھا صحت کے شعبے میں ایک خاموش انقلاب آیا ہے۔ پاکستان فلاحی ریاست کی جانب بڑھ رہا ہے۔ قومی صحت کارڈ سے فی خاندان 10 لاکھ روپے تک سہولت میسر ہو گی۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے صوبے میں صحت کے شعبے پر چار سو ارب روپے خرچ کر رہے ہیں۔ مارچ تک پورے پنجاب کے عوام صحت کارڈ کی سہولت سے استفادہ کریں گے۔ عوام کی فلاح و بہبود اور خدمت کا مشن جاری رکھیں گے۔