Friday, April 19, 2024

احتساب عدالت میں پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس کی سماعت 30مارچ تک ملتوی

احتساب عدالت میں پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس کی سماعت 30مارچ تک ملتوی
March 14, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) - احتساب عدالت میں پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس کی سماعت 30مارچ تک ملتوی کردی گئی۔

احتساب عدالت میں پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس کی سماعت ہوئی۔

خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق نے پیش ہوکر حاضری مکمل کروائی۔ عدالت نے استفسارکیا کہ گواہان کو پلاٹ مل گئے ہیں پھر بیان کیوں قلمبند کرا رہے ہیں؟

نیب پراسیکیوٹرنے بتایا کہ جب یہ ریفرنس دائر کیا گیا تب پلاٹ نہیں ملے تھے۔

خواجہ سعد رفیق نے عدالت کی اجازت سے کہا کہ کسی وقت بھی اسمبلی سیشن کی کال آ سکتی ہے۔ اسمبلی سیشن میں عدالت آنا مشکل ہو گا۔ لمبی تاریخ دی جائے۔ عدالت نے کیس کی سماعت30مارچ تک ملتوی کردی۔

میڈیا سےبات چیت میں مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعدرفیق نے کہا کہ فیصلوں کاوقت آگیا،عمران خان کو جانا ہی ہوگا۔ پی ٹی آئی ارکان کی بڑی تعداد ضمیرکی آواز پر ووٹ دینا چاہتی ہے۔ کوئی عمران خان کے ساتھ نہیں رہناچاہتا۔

نیب کے گواہان حامد نواز کھوکھر،ممتاز بیگم،ظفر محمود،عزیر احمد خاں،محمد افضل،فریحہ اورسعیدہ کے بیان قلمبند ہوچکے ہیں۔