Saturday, July 27, 2024

احترام کے ساتھ چیف جسٹس کی آبزرویشن آئین سے متصادم ہے، فواد چودھری

احترام کے ساتھ چیف جسٹس کی آبزرویشن آئین سے متصادم ہے، فواد چودھری
September 22, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پی ٹی آئی رہنماء فواد چودھری نے کہا کہ احترام کے ساتھ چیف جسٹس کی آبزرویشن آئین سے متصادم ہے۔

جمعرات کے روز ٹویٹ پیغام میں انہوں نے لکھا کہ الیکشن پر اخراجات سے کہیں زیادہ بڑی قیمت اس فیصلے کی دے رہے ہیں جس کے ذریعے انتخابات کو روکا گیا، سپریم کورٹ کو اندازہ نہیں رجیم چینج آپریشن میں پاکستان کو اب تک پانچ ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے، عوام موجودہ اسمبلی کو اپنا نمائندہ نہیں سمجھتے۔

شہباز شریف، بلاول بھٹو کی ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر پر ایک لفظ نہیں ہے، پاکستانیوں کیلئے کشمیر انتہائی اہم مسئلہ ہے، موجودہ حکومت جس طرح کشمیری عوام کے حقوق کو پس پشت ڈال رہی ہے اور مودی کی محبت میں پاگل ہورہی ہے یہ ناقابل قبول ہے۔ نام نہاد حکومت پاکستان کےعشروں سے پالیسیوں پر سودابازی کررہی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کا کہنا ہے عمران خان قوم کے لاڈلے ہیں، ہم نے کسی پر غداری کا مقدمہ نہیں کیا، تبدیلیاں کرنے کی ہماری اکثریت نہیں تھی، اب دو تہائی تو کیا مکمل سویپ کریں گے۔

سینیٹر فیصل جاوید بولے ملکی حالات بہت خراب ہیں، لوگ عمران خان کی کال کا نہیں، مس کال کا انتظار کر رہے ہیں۔

ادھر عمران خان کے ہفتے کو احتجاجی تحریک کے ممکنہ اعلان کے بعد اسلام آباد میں مزید کنٹینرز پہنچا دیئے گئے، ریڈزون کو گزشتہ روز ہی سیل کیا جاچکا۔