Saturday, May 4, 2024

احسن خان اور حدیقہ کیانی نے نور مقدم کے حق میں آواز بلند کردی

احسن خان اور حدیقہ کیانی نے نور مقدم کے حق میں آواز بلند کردی
January 27, 2022 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) نور مقدم کیس کے حوالے سے شوبز ستاروں احسن خان اور حدیقہ کیانی نے نور مقدم کے حق میں آواز بلند کردی۔

معروف اداکار احسن خان نے نور مقدم کیس کی تفتیشی رپورٹ دیکھ کر فاروق اعظم ؓ کا انصاف سے متعلق قول شیئر کردیا۔

جس میں انہوں نے لکھا خلافتِ راشدہ کے دوسرے خلیفہ حضرت عمر فاروق ؓ نے معاشرے میں انصاف کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا تھا کہ’ جو ریاست مجرموں پر رحم کرتی ہے وہاں کے بے گناہ لوگ بڑی بے رحمی سے مرتے ہیں‘۔

گلوکارہ و اداکارہ حدیقہ کیانی نور مقدم کیس کے فیصلے میں تاخیر پر الجھن کا شکار دکھائی دے رہی ہیں۔ ٹوئٹر پیغام میں نور کیلئے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک اور دن اور ایک اور مرتبہ طاقت کا غلط استعمال کیا جارہا ہے، ثبوت اور مقتولہ پر الزام لگایا جارہا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ اب تاخیر، بہانے اور پاگل پن بہت ہوگیا، اب نور کو انصاف مل جانا چاہیے۔

مومنہ مستحسن نے ٹوئٹر پر نور مقدم کیس پر ہونے والی تحقیقات پر اظہارِ برہمی کیا ہے۔ اُنہوں نے پیغام میں لکھا کہ’ظاہر جعفر کے وکیل نے نور کے والد سے دورانِ سماعت پوچھا کہ آپ نے بطور سفیر اس ملک کے لیے خدمات انجام دیں، اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے بتائیں کہ کیا اسلامی جمہوریہ پاکستان میں مرد اور عورت کا بغیر رسمی تعلق کے تعلق رکھنا جائز ہے؟‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’اس سے زیادہ متعلقہ سوال وہ اپنے کلائنٹ کے والد سے پوچھ سکتے تھے کہ آپ تھراپی کا کاروبار چلاتے ہیں اور اس سے فائدہ اٹھاتے ہیں جبکہ آپ نے اپنے بیٹے کی ذہنی بیماری کو بہانہ بناتے ہوئے عدالت سے اس کی رہائی کی درخواست کی تو کیا آپ کو لگتا ہے کہ اپنے آس پاس کسی ایسے مریض کو چھوڑ دینا محفوظ ہے؟۔