Friday, May 17, 2024

سعودی عرب نے کورونا پابندیاں ختم کر دیں

سعودی عرب نے کورونا پابندیاں ختم کر دیں
March 6, 2022 ویب ڈیسک

ریاض (92 نیوز) - اہل اسلام کیلئے اچھی خبر آ گئی۔ سعودی عرب نے کورونا پابندیاں ختم کر دیں۔ مسافروں کو قرنطینہ اور پی سی آر ٹیسٹ کی ضرورت نہیں ہو گی۔

سعودی عرب کی حکومت نے ملک سے تما م کورونا پابندیاں ختم کر دیں۔ نئے فیصلوں کا اطلاق ہفتہ سے شروع ہو گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق مسجد الحرام ، مسجد نبویﷺ اور مملکت کی تمام مساجد میں سماجی فاصلے کی پابندی ختم کر دی گئی ہے  تاہم مساجد میں ماسک پہننا لازمی ہو گا۔ کھلے مقامات پر ماسک  پہننے کی پابندی  نہیں ہو گی ۔

سعودی عرب آنے والے مسافروں کے لئے قرنطینہ کی پابندی بھی ختم کر دی گئی ۔ مسافروں کو مملکت آمد پر  پی سی آر ٹیسٹ کرانے کی  ضرورت نہیں ہو گی تاہم سعودی عرب آنے والے مسافروں کے لیے ویکسین لگوانا لازمی ہو گا۔

رمضان المبارک کے دوران دونوں مقدس مساجد میں سماجی فاصلے کی کوئی پابندی نہیں ہو گی ۔ مسجد الحرام ،مسجد نبویﷺکی پوری گنجائش کے مطابق نمازی   تراویح ادا کر سکیں گے ۔

سعودی حکومت نے افغانستان ،جنوبی افریقہ، نمیبیا، بوٹسوانا، زمبابوے سمیت 16 ممالک کی پروازوں اور ان کے شہریوں پر سفری پابندی بھی ختم کر دی ہے ۔