Saturday, May 4, 2024

چین کا انڈیا کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت کی حمایت سے انکار

چین کا انڈیا کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت کی حمایت سے انکار
October 15, 2016
نئی دہلی (ویب ڈیسک) پانچ ملکی برکس سربراہ کانفرنس شروع ہونے سے پہلے ہی بھارت کوجھٹکا۔ چین نے ایک بار پھر بھارت کو نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت دینے کی حمایت سے انکار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چین نے برکس سربراہ کانفرنس شروع ہونے سے پہلے ہی بھارت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ چین نے دوٹوک الفاظ میں بتا دیا کہ وہ بھارت کو نیوکلیئر سپلائرز گروپ کا حصہ نہیں بننے دے گا۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوینگ کا بیجنگ میں نیوز کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ بھارت کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت کے حوالے سے چین کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت سے متعلق رکن ممالک میں بھی اختلافات ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ چین این پی ٹی پر دستخط نہ کرنے والے ممالک کی نیوکلیئر سپلائرز گروپ میں شمولیت کی مخالفت کرتا رہے گا۔ جینگ شوینگ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مولانا مسعود اظہر پر پابندی کے بارے میں فریقین تقسیم ہیں اور چین اس بارے میں کوئی بھی فیصلہ اتفاق رائے سے ہی کرے گا۔ واضح رہے کہ پانچ ملکی دو روزہ برکس سربراہ کانفرنس بھارت کے شہر گوا میں آج سے شروع ہو رہی ہے۔