Thursday, April 25, 2024

اگر جتھے جمع کرکے اور ہلڑ بازی کرکے انصاف ملنا ہے تو ہمیں بھی بتا دیں، شرجیل میمن

اگر جتھے جمع کرکے اور ہلڑ بازی کرکے انصاف ملنا ہے تو ہمیں بھی بتا دیں، شرجیل میمن
March 18, 2023 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) - وزیراطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ ملک میں کیا تماشا لگا ہے، اگر جتھے جمع کرکے اور ہلڑ بازی کرکے انصاف ملنا ہے تو ہمیں بھی بتا دیں۔

ہفتہ کو نیوز کانفرنس میں بولے عمران خان آئین اور قانون کی دھجیاں اڑا رہا ہے پھر بھی ضمانت مل گئی، عمران خان خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں، ریاست کو یرغمال بنایا گیا۔

شرجیل میمن نے کہا کہ پیش نہ ہونے پر عدالت نے عمران خان کی گرفتاری کاحکم دیا، عدالت کہتی رہی پیش ہوں لیکن عمران خان پیش نہ ہوئے۔  اب جو کچھ ہورہا ہے پہلے کبھی نہیں دیکھا، پٹرول بم گرانا سیاسی جماعت کے کارکن کا کام نہیں۔

اُن کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے ملک میں انارکی پھیلائی ہوئی ہے، پولیس پرپٹرول بم سے حملے کئے گئے، عمران خان چاہتا ہے آئین اور قانون اس کے تابع ہو۔

شرجیل میمن نے صدر عارف علوی کے بیٹے پر اداروں کے خلاف مہم چلانے کا الزام عائد کردیا۔