Saturday, April 20, 2024

اگلے چار ہفتے میں پنجاب میں عمران خان کے درجن سے زائد جلسے ہوں گے، اسد عمر

اگلے چار ہفتے میں پنجاب میں عمران خان کے درجن سے زائد جلسے ہوں گے، اسد عمر
June 14, 2022 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) - پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر کا کہنا ہے اگلے چار ہفتے میں پنجاب میں عمران خان کے درجن سے زائد جلسے ہوں گے۔

اسد عمر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تاریخی جلسوں میں نظر آئے گا پنجاب کے لوگ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ معاشی سروے گواہ ہے تحریک انصاف کے دور میں پاکستان ترقی کر رہا تھا۔ نون لیگ جس طرح فیصلے کر رہی ہے اس کی سیاست دفن ہو رہی ہے۔ حمزہ شہباز کی حکومت کھڑی ہی ایک جعلی الیکشن پر ہے۔ یہ مخصوص نشستیں جلد بحال کی جائیں تاکہ جو قانونی طور پر وزیراعلیٰ بنتے ہیں پرویز الہیٰ وہ بن سکیں۔ ہمارے تو فائدے میں ہے کہ دو چار مہینے اور یہ حکومت چلائیں لیکن ملک کا نقصان ہو رہا ہے۔ ان کی سیاست کا بیڑہ غرق ہو چکا ہے ۔ انہیں پتہ ہے جہاں یہ بیٹھے ہیں غیر آئینی، غیر اخلاقی طور پر بیٹھے ہیں ۔ ان سے حکومت چلائی نہیں جارہی ۔ الیکشن کرائیں اور عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے دیں ۔

 ادھر شیریں مزاری بولیں موجودہ حکومت نے ملک کا برا حال کر دیا۔ کوئی اور ملک ان سے بات تک کرنے کو تیار نہیں۔ امپورٹیڈ حکومت کے زیادہ تر ارکان ضمانتوں پر ہیں۔ ان لوگوں کو لانے میں سب سے زیادہ فائدہ کس کا ہے، یہ سوال قوم کو کرنا چاہئے۔ اس امپورٹیڈ حکومت کی دنیا میں کہیں بھی اہمیت نہیں ہے۔ یہ جہاں بھی جاتے ہیں ٹھڈے کھا کر خالی ہاتھ واپس آجاتے ہیں۔ دنیا کا کوئی بھی ملک ان کو امداد دینے کو تیار نہیں ہے۔ یہ چین بھی جانا چاہتے تھے لیکن چین نے انہیں آنے سے منع کر دیا۔